قوم آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کیلئے حکومت اور مسلح افواج کےشانہ بشانہ رہے صدر ممنون حسین

حکومت انتہا پسندی اور دہشت گردی کے چیلنجوں  پر قابو پانے کے لئے مربوط کوششیں  کر رہی ہے، صدر ممنون حسین


ویب ڈیسک November 14, 2015
بدعنوانی نے ملک کی جڑوں  کو کھوکھلا کیا ہے، صدر ممنون حسین فوٹو: فائل

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب اپنے حتمی مراحل میں ہے اس لئے قوم آپریشن کو مکمل طور پر کامیاب بنانے کے لئے حکومت اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہے۔

اسلام آباد میں رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے 10 ویں کانووکیشن سے خطاب کے دوران صدر ممنون حسین نے کہا کہ حکومت انتہا پسندی اور دہشت گردی کے چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے مربوط کوششیں کر رہی ہے، آپریشن ضرب عضب اپنے حتمی مراحل میں ہے، قوم آپریشن کو مکمل طور پر کامیاب بنانے کے لئے حکومت اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں اقدامات امن کی مکمل بحالی تک جاری رہیں گے، پاک چین اقتصادی راہداری نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لئے اقتصادی ثمرات لے کر آئے گی، اس منصوبے کی تکمیل سے قومی معیشت کو تقویت اور استحکام حاصل ہو گا۔ وسطی ایشیائی ریاستیں بھی پاک چین اقتصادی راہداری میں دلچسپی لے رہی ہیں اور اقتصادی ثمرات سے مستفید ہونے کیلئے اس سے منسلک ہونے کی خواہاں ہیں۔

صدر نے کہا کہ بدعنوانی نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کیا ہے۔ ملک کے بہت سے مسائل بدعنوانی کے خاتمے سے حل کئے جا سکتے ہیں، حکومت بدعنوانی کی لعنت سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہے اور اس ضمن میں ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ نوجوان ملک کو بدعنوانی کی لعنت سے نجات دلانے کیلئے انسداد بدعنوانی کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

مقبول خبریں