سگریٹ سیمنٹ اور مشروبات پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافے کا امکان

2015-16کے وفاقی بجٹ میں بیوریجز انڈسٹری کے لیے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح 9 فیصد سے بڑھا کر 12.5 فیصد کی گئی تھی


Irshad Ansari November 16, 2015
نئے ٹیکس اقدامات کے لیے سمری تیار کی جارہی ہے جو جلد منظوری کے لیے ای سی سی کو بھجوائے جانے کا امکان ہے، ذرائع فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کی جانب سے ریونیو شارٹ فال پورا کرنے کے لیے بیوریجز انڈسٹری (مشروبات ساز انڈسٹری) پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح میں بھی اضافہ کیے جانے کا امکان ہے۔

اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے رواں مالی سال 2015-16کے وفاقی بجٹ میں بیوریجز انڈسٹری کے لیے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح 9 فیصد سے بڑھا کر 12.5 فیصد کی گئی تھی جسے بعد میں بیوریجز انڈسٹری کے دباؤ پر 12.5 فیصد سے کم کرکے 10فیصد کردیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اب چونکہ ریونیو شارٹ فال پورا کرنے کے لیے اضافی ٹیکس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تو اس میں بیوریجز انڈسٹری کے لیے بھی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح بڑھائی جارہی ہے جبکہ سیمنٹ اور سگریٹ سمیت دیگر شعبوں کے لیے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح میں اضافہ اور اسپیشل ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کی تجاویز زیر غور ہیں، مگر ذرائع کا کہنا ہے کہ بیوریجز سیکٹر کے لیے ہر دو صورتوں میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح بڑھائے جانے کا امکان ہے کیونکہ اس سے قبل بیوریجز انڈسٹری کے لیے کپیسٹی ٹیکس متعارف کروایا گیا تھا جو کہ تجربہ ناکام رہا تھا اور اس کے بعد دوبارہ بیوریجز سیکٹر کے لیے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی نافذ کی گئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے ٹیکس اقدامات کے لیے سمری تیار کی جارہی ہے جو جلد منظوری کے لیے ای سی سی کو بھجوائے جانے کا امکان ہے۔