چھریوں اور بغدوں کی قیمت میں30 فیصد تک اضافہ

زیادہ تر 200سے 250روپے کلو قیمت پر بغدے فروخت کیے جارہے ہیں


Business Reporter October 26, 2012
مہنگائی کے باعث گذشتہ سال کی نسبت چھری بغدوں کی قیمت میں 25سے 30فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے۔ فوٹو : راشد اجمیری / ایکسپریس

KARACHI: قربانی کے جانور ذبح کرنے کے لیے چھری، بغدے اور دیگر لوازمات کی خریداری عروج پر پہنچ گئی ہے ۔

شہر کے مختلف علاقوں میں عارضی دکانیں اور اسٹال قائم کردیے گئے ہیں،مہنگائی کے باعث گذشتہ سال کی نسبت چھری بغدوں کی قیمت میں 25سے 30فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے،درمیانے سائز کی چھریاں 200سے 300روپے، جانور کے گلے پر پھیرنے والی بلیڈ کی چھری 300سے 400روپے جبکہ اسٹین لیس اسٹیل کی چھریاں 400سے 600 روپے تک فروخت کی جارہی ہیں، بغدوں کی فروخت وزن کے لحاظ سے کی جارہی ہے۔

جس کی قیمت 300سے 500روپے تک وصول کی جارہی ہے زیادہ تر 200سے 250روپے کلو قیمت پر بغدے فروخت کیے جارہے ہیں، بغدوں کے ساتھ جانوروں کی کھال اتارنے والی چھوٹی چھریاں 50سے 100روپے میں فروخت کی جارہی ہیں، ادھر چھری بغدوں پر دھار بٹھانے کا کاروبار بھی خوب چمک اٹھا ہے اور دھار لگانے والی دکانیں رات گئے تک کھولی جارہی ہیں تاہم بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے سبب دکاندار جنریٹر کے استعمال پر مجبور ہیں ۔