پی ایس او کا سہ ماہی منافع 17 ارب بڑھ کر 42 ارب روپے ہوگیا

مجموعی مارکیٹ شیئر 64.3 فیصد سے بڑھ کر 68.1 فیصد کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔


Business Reporter October 26, 2012
مجموعی مارکیٹ شیئر 64.3 فیصد سے بڑھ کر 68.1 فیصد کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی نے پہلی سہ ماہی کے دوران 4.2 ارب روپے کا منافع کمایا ہے جو گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں حاصل کردہ 2.5ارب روپے کے منافع سے 1.7ارب روپے زائد ہے۔

کمپنی کے بورڈ آف مینجمنٹ نے گزشتہ روز کمپنی کے مالیاتی نتائج کا جائزہ لیا جس میں بتایا گیا کہ کمپنی کے ریونیو میں16فیصد اضافہ ہوا اور پہلی سہ ماہی میں 325 ارب روپے کا ریونیو حاصل کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 279 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ پہلی سہ ماہی میں پی ایس او نے بلیک آئل اور وائٹ آئل دونوں شعبوں میں اپنے مارکیٹ شیئر کو مستحکم کیا ہے، بلیک آئل بزنس میں مارکیٹ شیئر بڑھ کر 80فیصد اور وائٹ آئل بزنس میں 57.4 فیصد کی سطح تک آگیا، مجموعی مارکیٹ شیئر 64.3 فیصد سے بڑھ کر 68.1 فیصد کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

بورڈ کے اراکین نے پرائس ڈیفرینشل کلیم کی مد میں 176ارب روپے کے واجبات پر تشویش کا اظہار کیا ہے، کمپنی کے بھاری مالیت کے واجبات وصول نہ ہونے کی وجہ سے مالیاتی لاگت بڑھ رہی ہے، پاور سیکٹر کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی سے کمپنی کے منافع پر براہ راست اثرات مرتب ہورہے ہیں، کمپنی نے اپنے پمپس پر موٹرسائیکل سواروں کیلیے خصوصی قطار کا نظام متعارف کرایا ہے جس سے پی ایس او کے 60فیصد کسٹمرز کو سہولت ملی ہے۔