ایس آئی یونے 2ملزمان کوگرفتارکرکے کاربرآمد کرلی

ملزمان منگھوپیرتھانے پر حملے اوراہلکاروںسمیت5افرادکے قتل میںملوث ہیں،فاروق اعوان


Staff Reporter October 26, 2012
ملزمان منگھوپیرتھانے پر حملے اوراہلکاروںسمیت5افرادکے قتل میںملوث ہیں،فاروق اعوان فوٹو: فائل

اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ پولیس نے ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور مسروقہ کار برآمد کرلی ۔

گرفتار ملزمان یوم عشق رسولؐ کے موقع پر منگھوپیر تھانے پرحملے اور پولیس افسران وہلکاروں سمیت5 افراد کے قتل میں ملوث ہیں، ملزمان نے حال ہی میں 5 ماربل فیکٹریوں کے مالکان کوایک مبینہ خط بھی بھیجا تھا جس میں 50 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا گیا تھا ، ایس آئی یو کے سربراہ فاروق اعوان نے بتایا کہ بھتہ خور اکرام اﷲ عرف نوید عرف شہزاد ولد نور الرحیم ،داور مراد علی ولد وردے خان کو منگھوپیر کے علاقے سلطان آباد سے گرفتار کر کے 2 ٹی ٹی پستول اور گزری سے چوری کی گئی کار ACR-358 برآمدکرلی۔

انھوں نے بتایا کہ گرفتار ٹارگٹ کلرز و بھتہ خور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا نام استعمال کرتے ہوئے منگھوپیر اور ملحقہ علاقوں میں واقع فیکٹریوں کے مالکان کو خطوط لکھ کر اور موبائل فون کے ذریعے بھتہ طلب کرتے تھے ، انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے 4 مئی کو منگھوپیر کے علاقے میں سب انسپکٹرغلام سبطین کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا تھا جبکہ 21جون کو منگھوپیر میں ہی سی آئی ڈی کے اہلکار محمد خان کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا تھا ۔

فاروق اعوان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے 27 جولائی کو کانسٹیبل محمد انور اور 21 ستمبرکو منگھوپیر تھانے پر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ حملہ کیا تھا جس میں سب انسپکٹر الیاس جاں بحق ہو گیا تھا ، انھوں نے بتایا کہ ملزم نے 29 ستمبر کو ایک عام شہری سمیع کو بھی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا تھا اور ملزمان کے خلاف تمام مقدمات منگھوپیر تھانے میں درج ہیں۔

مقبول خبریں