اسلم بیگ حمید گل اور اسد درانی کیخلاف کارروائی کرینگے کائرہ

کوئی بھی قیمت چکانا پڑی ذمے داران کوضرور جواب دہ بنائیں گے ، وفاقی وزیراطلاعات


News Agencies/Monitoring Desk October 26, 2012
شہباز شریف مستعفی ہو کر پوزیشن کلیئر کروائیں، تاریخ کے بہت سے صفحات ابھی کھلنے ہیں۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی جانب سے اصغر خان کیس کی تحقیقات ایف آئی اے کے ذریعے کروانے کے بیان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیسے لینا چھوٹا باب ہے، تاریخ کے بہت سے صفحات ابھی کھلنے ہیں۔

1990 کے الیکشن میں عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا سب کو جواب دینا ہوگا، جنرل (ر) اسلم بیگ، حمید گل اور اسد درانی کے خلاف ضرور کارروائی کریں گے، اصغر خان کیس میں نام آنے پر شہباز شریف وزیراعلٰی کے عہدے سے مستعفی ہوجائیں۔ ٹی وی انٹرویو میں انھوں نے کہا نوازشریف کے بیان سے قبل مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے فیصلے کے حوالے سے مختلف بیانات دیے۔ چودھر ی نثار اور شہبازشریف کہتے ہیں کہ ایف آئی اے کی تحقیقات قبول نہیں۔ ایف آئی اے سے تحقیقا ت کیلیے ہم نے نہیں بلکہ سپریم کورٹ نے کہا ہے۔ ابھی یہ معلوم کرنا ہے کہ اس وقت نگراں حکومت کیسے بنائی گئی تھی عدالت نے 1990 کے الیکشن کے بارے فیصلہ دیا ہے کہ یہ الیکشن ایجنسیوں کے ذریعے کرایا گیا۔

1990 کے انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے قائم ہونے والی حکومت کی حیثیت کے بارے میں فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ یہ بات قابل افسوس ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے قائم ہونے والی حکومت نے شہید بینظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کے خلاف مقدمات دائر کیے۔ انھوں نے کہا کہ صدر غیر جانبدار ہیں تاہم یہ توقع کرنا مناسب نہ ہوگا کہ وہ غیر سیاسی ہوجائیں گے، صدر پارلیمنٹ کا ایک حصہ ہیں جو سیاسی اور جمہوری عمل کے ذریعے قائم ہوتی ہے۔

ایوان صدر میں کوئی سیاسی سیل نہیں۔ ماضی میں جس بھی سیاستدان سے غلطیاں ہوئی ہیں اسے اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنا چاہیے، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ فائدہ اٹھایا، پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن جانیں قربان کرتے ہیں اور قربانیاں دیتے ہیں۔ اصغر خان کیس میں سابق جرنیلوں کو آئین و قانون کے مطابق سزا ملے گی۔ اسد درانی کے بیان حلفی میں میاں برادران پر الزامات لگائے گئے ہیں، ہم وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان الزامات کی بناء پر استعفیٰ دیدیں اور اپنی پوزیشن کلیئر کروائیں، مسلم لیگ (ن) سابق وزیراعظم یوسف گیلانی سے اخلاقی طور پر استعفیٰ مانگتی تھی لیکن اب وہ کیوں اخلاقی طور پر استعفیٰ نہیں دیتے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے اصغر خان کیس کے فیصلے پر ہر صورت عملدرآمد ہو گا خواہ اس کیلئے کوئی بھی قیمت چکانی پڑے، ذمے داران کو ضرور جواب دہ بنائیں گے تاکہ آئندہ انتخابی دھاندلی کی راہ ہمیشہ کیلئے بندکی جا سکے۔ ابھی تو صرف پیسے لینے اور دینے والوں کے بارے میں فیصلہ ہوا ہے ابھی جعلی پولنگ اسٹیشن بنانے اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کوہراساں کرنے والوں کی تحقیقات ہو گی۔ دھاندلی کے نتیجے میں تشکیل پانے والی مسلم لیگ کی حکومت کو بھاری مینڈیٹ والی حکومت کہا جاتا تھا الیکشن کمیشن کو اس معاملے کا جائزہ لینا چاہیے۔ عدالت کا ابھی تفصیلی فیصلہ آنا ہے جس کا انتظار ہے اسکے بعد کارروائی کی جائے گی۔