اے ٹی ایم بندشہریوں کو رقوم نکالنے میں مشکلات کاسامنا

بازاروں اور مصروف علاقوں میں نصب اے ٹی ایم عید سے ایک روز قبل ہی بند ہوگئے


Business Reporter October 26, 2012
شہریوں کے مطابق عید پر اے ٹی ایم بند ہونے سے عید کی تیاریاں بالخصوص خریداری میں مشکلات کا سامنا ہے۔ فوٹو: فائل

کمرشل بینکوں نے اسٹیٹ بینک کی ہدایات کی دھجیاں بکھیر دیں۔

شہر کے مختلف علاقوں میں اے ٹی ایم بند پڑے ہیں اور کیش ختم ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کاسامنا ہے، شہر کے مصروف علاقوں اور بازاروں میں نصب اے ٹی ایم عید سے ایک روز قبل ہی بند ہوگئے ہیں بیشتر اے ٹی ایمز سے کیش ختم ہونے کے پیغامات نشر ہورہے ہیں، شہریوں کے مطابق عید پر اے ٹی ایم بند ہونے سے عید کی تیاریاں بالخصوص خریداری میں مشکلات کا سامنا ہے شہر میں امن و امان کے مسائل کی وجہ سے شہری نقد رقوم رکھنے سے اجتناب کرتے ہیں۔

شہریوں کے مطابق اسٹیٹ بینک ہر عید پر صرف ہدایات جاری کرنے کا کردار ادا کرتا ہے اور اے ٹی ایم بند کرکے شہریوں کی رقوم یرغمال بنانے والے بینکوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک نے عید سے ایک ہفتہ قبل ہی بینکوں کو عید کی تعطیلات میں اے ٹی ایم میں رقوم کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی اور اس مقصد کے لیے تمام فیلڈ دفاتر میں خصوصی سیل قائم کیے گئے ہیں جہاں اے ٹی ایم سہولت سے متعلق شکایات وصول کی جائیں گی۔