عید الاضحی 169قیدی جرم قبول و زرضمانت کی منظوری پر رہا

ججز کا جیل کا دورہ،3ہزار500 روپے جرمانے وصول کیے


Staff Reporter October 26, 2012
جیل حکام ے مطابق رات گئے تک تقریباً ایک سو پچاس سے زائد قیدیوں کو رہا کردیا گیا تھا. فوٹو : فائل

عیدالاضحی کے موقع پر کراچی کے پانچوں اضلاع کی ماتحت عدالتوں کے ججز نے جیل کا دورہ کیا تھا اور معمولی نوعیت کے مقدمات میں ملوث 169سے زائد قیدیوں کو جرم قبول کرنے پر جیل میں گزارے گئے ایام کو سزا قرار دیکر رہا کیا۔

جبکہ متعدد قیدیوں کی معمولی ضمانت منظور کی اور زرضمانت جمع کرانے کے بعد انھیں رہا کردیا ہے، تفصیلات کے مطابق ملیر ڈسٹرکٹ سیشن جج سمیت دیگر ججز نے ملیر ڈسٹرکٹ اور سینٹرل جیل کا دورہ کیا تھا اور قیدیوں کے مسائل سنے اس موقع پر جیل سپرنٹنڈنٹ کوفوری مسائل کے تدارک کا حکم دیا۔

قیدیوں کی بڑی تعداد نے اپنے جرم قبول کرنے کی درخواستیں دیں جس پر کارروائی کرتے ہوئے روزی شاہ کو چوری کے مقدمے میں جیل میں گزارے گئے دو ماہ کو سزا قرار دی اور پانچ سو روپے جرمانہ عائد کیا، اسلحہ ایکٹ کے الزامات میں شربت خان، عبدالطیف،پیرمحمد، فضل حق،کامران کو جیل میں گزارے گئے 90روزکو سزا قرار دی اورمجموعی طور پر3ہزار پانچ سو روپے جرمانے وصول کیے، ملزمان کو تھانہ سہراب گوٹھ ،فیروزآباد،سولجر بازار، عزیز آباد نے گرفتارکرکے اسلحہ برآمدکیا تھا۔

منشیات رکھنے کے الزام میں قید عمرعرف شینا، حمید، عبیداﷲ، محمد شاہ نواز، شاہد محمود، فرخ جاوید ،تحسین، شہزاد، سید ضمیر اور عمران کوجیل میں گزارے گئے ایک ماہ چند روز کو سزا قرار دی اور فی کس پانچ سو روپے جرمانے عائد کیا ،ملزمان کو منشیات رکھنے کے الزام میں تھانہ قائد آباد، کھوکھرآپار، عزیز بھٹی، رضویہ، سی این ایس، الفلاح، پاکستان بازار ، ایکسائز اور جوہر آباد نے گرفتار کرکے ان کے قبضے سے چرس برآمد کی تھی۔

شراب نوشی کے الزام میں پابند سلاسل شاہ جہاں، محمد انور، عبدالصمد ، انوار خان، ساجد محمد اور اویس کو جیل میں گزارے گئے تقریباً 50یوم کی سزا سنائی اور شاہ جہاں کو ایک ہزار روپے دیگر کو فی کس پانچ سو روپے کی سزا سنائی تھی ملزمان کو نشے کی حالت میں تھانہ سائٹ اے، بغدادی، جمشید کوارٹر نے گرفتار کیا تھا چوری کے مقدمے میں بوٹا سمیت دیگر کوبھی جیل میں گزارے گئے ایام اور جرمانے کی سزاسنائی تھی ،جرمانے کی تمام رقم مقامی این جی اوز نے ادا کی تھی،عدالت نے درجنوں قیدیوں کی موقع پر ضمانت کم کی اور معمولی زر ضمانت منظور کی تھیں، جیل حکام ے مطابق رات گئے تک تقریباً ایک سو پچاس سے زائد قیدیوں کو رہا کردیا گیا تھا۔