نیوزی لینڈ نے دوسرے ون ڈے میں سری لنکا کو10 وکٹوں سے شکست دے دی

میزبان نیوزی لینڈ نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 118 رنز کا ہدف بغیرکسی نقصان کے 8.2 اوور میں حاصل کیا۔


ویب ڈیسک December 28, 2015
میزبان نیوزی لینڈ نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 118 رنز کا ہدف بغیرکسی نقصان کے 8.2 اوور میں حاصل کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

KARACHI: نیوزی لینڈ نے دوسرے ایک روزہ میچ میں مہمان سری لنکا کو 10 وکٹوں سے باآسانی شکست دے کر 5 میچز پر مشتمل سیریز میں 0-2 سے برتری حاصل کرلی۔

کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن کپتان انجیلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو27.4 اوور میں پوری ٹیم 117 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ مچل میکلینگم نے 3، ایش سودھی اور ڈوگ بریسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں کیویز بلے بازوں نے جارحانہ بیٹنگ کی اور اوپننگ بلے باز مارٹن گپٹل نے 30 گیندوں پر 8 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 93 رنزبنائے جب کہ گپٹل کم ترین گیندوں پر نصف سنچری بنانے والے دوسرے اور نیوزی لینڈ کے پہلے بلے بازبن گئے جنہوں نے محض 17 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ مارٹن گپٹل کا ساتھ دینے والے اوپننگ بلے باز ٹام لیتھم نے 20 گیندوں پر17 رنز بنائے۔ میزبان ٹیم نے بغیرکسی نقصان کے ہدف محض 8.2 اوور میں باآسانی حاصل کیا۔

اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مہمان ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور 20 کے مجموعی اسکور پر تلکرانے دلشان 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ 5 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے۔ نوان کلسکارا 19، انجیلو میتھیوز اور دنشکا گوناتھیلیکا 17،17 اور چمارا کپوگدرا اور ملندا سری وردانا 12،12 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر مارٹن گپٹل کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔


مقبول خبریں