بنگلہ دیشی لیگ واجبات کی عدم ادائیگی دو فرنچائزز ملکیت سے محروم

8 کروڑ ٹکا کی نادہندہ ڈھاکا گلیڈی ایٹر اور ڈرونٹو راجشاہی نے فیصلے کو نامناسب قرار دیدیا۔


Sports Desk October 31, 2012
8 کروڑ ٹکا کی نادہندہ ڈھاکا گلیڈی ایٹر اور ڈرونٹو راجشاہی نے فیصلے کو نامناسب قرار دیدیا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے واجبات کی عدم ادائیگی پر دوفرنچائزز کی ملکیت منجمد کردی،ڈھاکا گلیڈی ایٹر ڈرونٹو راجشاہی پر 8 کروڑ ٹکا واجب الادا ہیں۔

دونوں فرنچائزز نے فیصلے کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یکم نومبر کی ڈیڈ لائن سے قبل یہ اقدام سمجھ سے بالاتر ہے۔ تفصیلات کے مطابق نظم الحسن نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی صدارت سنبھالتے ہی سخت اقدامات کا آغاز کردیا ہے، پہلے مرحلے میں انھوں نے پریمیئر لیگ کی ان فرنچائزز کے خلاف کارروائی کی جو کھلاڑیوں اور بورڈ کے بقایاجات ادا کرنے کا نام ہی نہیں لے رہی تھیں۔ ان کے اس سخت ایکشن کا سب سے دلچسپ پہلو یہ ہے کہ ایک جانب تو انھوں نے فرنچائزز کو اپنے تمام بقایاجات یکم نومبر تک ہر صورت ادا کرنے کی ڈیڈ لائن دی۔

دوسری جانب فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈھاکاگلیڈی ایٹر اور ڈرونٹو راجشاہی کی ملکیت بھی منجمد کردی، جس پر دونوں فرنچائزز کی جانب سے حیرت ظاہر کی گئی ہے۔ راجشاہی کے مالک مشفیق الرحمان موہن نے کہاکہ ہمارے پانچ کروڑ ٹکا کے مقروض ہونے کے بارے میں دعویٰ بالکل غلط ہے، ہم بی سی بی کے مقروض ضرور مگر یہ رقم 2 کروڑ 80 لاکھ ٹکا ہے، بورڈ کے نئے صدر نے یکم نومبر کی نئی ڈیڈ لائن دی تھی اور ہم اس سے پہلے ہی رقم ادا کرنے کی تیاری کررہے تھے، ایسے میں بورڈ کے اس فیصلے کی کیا ضرورت تھی۔

دوسری طرف گلیڈی ایٹر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ ہم یہ بات واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہمیں بی سی بی نے اپنے اس نئے اقدام سے باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا، ہم صرف اتنا جانتے ہیں کہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کی گورننگ کونسل یکم نومبر کی ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد ایسا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، میڈیا میں آیاکہ گلیڈی ایٹر 3 کروڑ ٹکا کی مقروض ہے جبکہ درحقیقت ہمیں ایونٹ کی منتظم کمپنی گیم آن اسپورٹس سے 2 کروڑ 48 لاکھ ٹکا لینے ہیں، ہم نے12 اکتوبر کو بی سی بی کو پلیئرز کے بقایاجات کے خلاف دو لاکھ ڈالر کی بینک گارنٹی بھی دی تھی جسے بورڈ نے مسترد کردیا، ہم ابھی تک اس کے اس اقدام کو سمجھنے سے قاصر ہیں، ہماری کوشش ہے کہ نئے صدر نظم الحسن سے مل کر معاملے کو حل کریں۔