سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

سعودی وزیرخارجہ داعش کیخلاف بننے والے 34 رکنی فوجی اتحاد میں پاکستان کے کردارکے طریقہ کارپرتبادلہ خیال کریں گے۔


ویب ڈیسک January 07, 2016
سعودی وزیرخارجہ داعش کیخلاف بننے والے 34 رکنی فوجی اتحاد میں پاکستان کے کردارکے طریقہ کارپرتبادلہ خیال کریں گے۔ فوٹو:فائل

KARACHI: سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے جب کہ مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے ان کا استقبال کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نور خان ایئربیس پر وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر کا استقبال کیا۔ سعودی وزیر خارجہ وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے جب کہ عادل الجبیر کی مشیرخارجہ سرتاج عزیز سے بھی ملاقات شیڈول میں شامل تھی تاہم اسلام آباد تاخیر سے پہنچنے پراب مشیر خارجہ وزیراعظم کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں ہی شرکت کریں گے جب کہ سرتاج عزیز اور مہمان وزیرخارجہ کی مشترکہ پریس کانفرنس بھی منسوخ کردی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی وزیرخارجہ پاکستانی حکام کے ساتھ داعش کے خلاف اسلامی ممالک کے بننے والے 34 رکنی فوجی اتحاد میں پاکستان کے کردارکے طریقہ کارپرتبادلہ خیال کریں گے۔ اس کے علاوہ سعودی وزیرخارجہ خطے میں امن و امان کی صورت حال اور دو طرفہ امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

واضح رہے کہ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے چند روز قبل پاکستان کا دورہ کرنا تھا تاہم سعودی عرب اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عادل الجبیر کا دورہ ملتوی کر دیا گیا۔

مقبول خبریں