بھارت نے پاکستان سے مذاکرات پٹھان کوٹ حملے میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی سے مشروط کردیئے

خارجہ سیکریٹری ملاقات اسی صورت ہوگی جب پاکستان بھارت کےشواہدکی روشنی میں کارروائی کرےگا، ترجمان بھارتی وزارت خارجہ


ویب ڈیسک January 07, 2016
پٹھان کوٹ اور افغانستان میں بھارتی قونصل خانے پر حملے کے تار ایک ہی جگہ جڑے ہوئے ہیں ، ترجمان بھارتی وزارت خارجہ ، فوٹو :فائل

بھارت نے رواں ماہ پاکستان سے سیکریٹری خارجہ مذاکرات کو پٹھان کوٹ ایئربیس حملے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی سے مشروط کرتے ہوئے کہا ہے کہ بال اب پاکستان کے کورٹ میں ہے۔

نئی دلی میں پریس کانفرنس کے دوران بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم پاکستان سمیت تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں اورخصوصاً پاکستان سے متعلق ہماری پالیسی واضح ہے کہ ہم دوستی کا ہاتھ بڑھاتے اوراس میں باہمی تعلقات میں پیش رفت چاہتے ہیں لیکن پٹھان کوٹ ایئربیس پر حملے کے بعد سرحد پار دراندازی کا معاملہ ایک مرتبہ پھر سرفہرست آگیا ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پٹھان کوٹ ایئر بیس اور افغانستان میں بھارتی قونصل خانے پر حملے کے تانے بانے آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔ اس معاملے کی تہہ تک پہنچنا ہماری اولین ترجیح ہے کیونکہ اس سانحے کے باعث پاک بھارت مذاکرات تعطل کا شکار ہوسکتے ہیں۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملے کے حوالے سے تمام شواہد اور انٹیلی جنس رپورٹس پاکستان کو بھجوائی ہیں، پاکستان کی جانب سے بھی مثبت جواب ملا ہے اور یقین دلایا گیا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان رواں ماہ شیڈول خارجہ سیکریٹری ملاقات اسی صورت میں ہوگی جب پاکستان بھارت کے فراہم کردہ شواہد کی روشنی میں کارروائی کرے گا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ دونوں ممالک کے خارجہ سیکریٹریز کی ملاقات طے ہے جس میں باہمی مذاکرات کی بحالی کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

مقبول خبریں