سعودی وزیر خارجہ کی وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتیں

وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات میں تمام اہم امور پر تفصیلی مذاکرات ہوئے، سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر


ویب ڈیسک January 07, 2016
ملاقات میں سعودی وزیرخارجہ نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کاوشوں کو سراہا، آئی ایس پی آر- فوٹو: ایکسپریس نیوز

سعودی وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر نے وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں جن میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی وزیرخارجہ عادل بن احمد الجبیر 17 رکنی وفد کے ہمراہ 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے جہاں نور خان ایئربیس پر وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد وہ جنرل ہیڈ کوارٹر روانہ ہوئے جہاں انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ اس دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال پرتبادلہ بھی بات چیت کی گئی۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق سعودی وزیرخارجہ نے خطے میں امن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کاوشوں کوسراہا۔

دوسری جانب سعودی وزیر خارجہ وزیراعظم نوازشریف سے ملنے وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں وزیراعظم نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا جب کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پاکستان کی جانب مشیر خارجہ سرتاج عزیز، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ موجود تھے جب کہ سعودی وزیر خارجہ کے ساتھ بھی اعلیٰ سعودی حکام نے ملاقات میں شرکت کی۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم اور سعودی وزیر خارجہ کی ملاقات میں خطے کی صورتحال اور بالخصوص سعودی عرب کی قیادت میں بننے والے 34 ملکی فوجی اتحاد پر بات چیت کی گئی جب کہ اس دوران ایران اور سعودی عرب کے درمیان تنازع پر بھی بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم سے ملاقات کے بعد سعودی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پرتپاک استقبال پر شکر گزار ہوں جب کہ وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات میں تمام اہم امور پر تفصیلی مذاکرات ہوئے جن میں اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی جب کہ ملاقات دونوں ملکوں کے تعلقات سمیت سیاسی، ثقافتی اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ادھرسعودی وزیر خارجہ اور پاکستانی مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات جاری ہیں جس میں دونوں جانب سے اعلیٰ سطح کے وفود شرکت کررہے ہیں۔

مقبول خبریں