داعش کے سفاک شدت پسند نے تنظیم چھوڑنے کی نصیحت پر ماں کی ہی جان لے لی

داعش چھوڑنے کی نصیحت پر داعش رہنما نے بیٹے کو ماں کا قتل کرنے کا حکم دیا جس پر اس نے ماں پر ہی گولیاں برسادیں


ویب ڈیسک January 08, 2016
داعش چھوڑنے کی نصیحت پر داعش رہنما نے بیٹے کو ماں کا قتل کرنے کا حکم دیا جس پر اس نے ماں پر ہی گولیاں برسادیں، فوٹو؛ فائل

انسان کی آنکھوں پر جب کسی کی تقلید اور اندھے جذبات کی پٹی بند جاتی ہے تو اس میں سوچنے سمجھنے کی صلاحیت مفقود ہو جاتی ہے اور وہ انسانیت کے درجے سے گر کر جانوروں سے بد تر رویوں پر اتر آتا ہے ایسا ہی کچھ ہوا تباہ حال اور جنگ کے بادلوں میں گھرے شام میں جہاں داعش سے تعلق رکھنے والے ایک شدت پسند نے تنظیم چھوڑنے کی نصیحت کرنے پر ماں کو سرعام قتل کردیا اور اسے اس پر شرمندگی اور ندامت بھی نہیں ہوئی۔

عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق داعش کے شدت پسند کو اس کی ماں تنظیم چھوڑنے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا کی قیادت میں فوجی اتحاد دولتِ اسلامیہ کو ختم کر دے گا اس لیے وہ داعش چھوڑ دے اور دونوں ماں بیٹا شہر چھوڑ کر شام سے نکل جاتے ہیں جس پر بیٹے نے بجائے اس کے وہ ماں کی نصیحت کو سنتا اس نے ماں کے خیالات کے بارے میں داعش کے مقامی رہنماوں کو آگاہ کیا تو انہوں نے نوجوان کو اپنے ماں کو قتل کرنے کا حکم دے دیا جس پر 21 سالہ شدت پسند بیٹے نے سربازار فائرنگ کرکے اپنی ماں کو ہی قتل کردیا۔

داعش کے اس شدت پسند نے اپنی ماں کی محبت ، عزت اور ممتا کی پرواہ کیے بغیر اسے سیکڑوں افراد کی موجودگی میں گولی مار کر اپنی سفاکیت اور حیوانیت کا ثبوت دیا۔

واضح رہے کہ 2014 میں داعش نے عراق اور شام کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کرنے کے بعد خلافت کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے رقا کو اپنا دارالخلافہ قرار دیا تھا۔

مقبول خبریں