حکومت دیہی علاقوں کی ترقی کیلیے کوشاں ہے احمد بخش

ٹنڈو حیدر کے ترقیاتی منصوبوں کو آبادی کے تناسب سے ازسر نو مرتب کیا جائے، کمشنرکا دورہ.


Numainda Express November 01, 2012
تالابوںکی گنجائش سو فیصد بڑھانے، پرانی لائنیں تبدیل اوراسکیمیں جلد مکمل کرنیکی ہدایت. فوٹو: فائل

ڈویژنل کمشنر حیدرآباد احمد بخش ناریجو نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت دیہی علاقوں کی ترقی کیلیے کوشاں ہے ۔

شراکتی حکمت عملی کے ذریعے انہیںترقی دے کر شہری علاقوںکے برابر لایا جا ئیگا۔ وہ گاؤں ٹنڈو حیدر میں وی۔ڈی۔اے۔ کی زیر نگرانی پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، تعلیم اور صحت کے شعبوںکی مختلف اسکیموں کا جائزہ لے رہے تھے۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر حیدرآباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن برکات احمد رضوی،اعجاز الحسن،و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈویژنل کمشنر نے علاقہ معززین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس دور میں یہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے منصوبے بنائے گئے تھے اس وقت سے اب تک ٹنڈو حیدر کی آبادی میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔

لہذا ان منصوبوں کو آبادی کے لحاظ سے از سر نو مرتب کیا جائے گا ۔انہوںنے کہا کہ تالابوںکی گنجائش کو 100 فیصد بڑھایا جائیگا اور پرانی لائنیں تبدیل کر دی جائینگی ۔ڈویژنل کمشنر نے گاؤں ٹنڈو حیدر میں فراہمی آب کے تالابوں ، سیوریج پمپنگ ہاؤس ، التوا میں پڑے گرلز ہائی اسکول کے کام اور خستہ حال بوائز اینڈ گرلز پرائمری اسکول کا بھی دورہ کیا اور افسران کو ہدایت کی کہ وہ پرائمری بوائز اینڈ گرلز اسکول کی مرمت اور تزئین و آرائش کے لیے فوری اقدامات کریں۔