صحافی کی بہو بیٹے کے قتل کے الزام میں 5 افراد گرفتار

لڑکی کا والد اور بھائی بھی شامل، ملزمان نے قتل کا اعتراف کر لیا، ایس ایس پی حیدرآباد.


Numainda Express November 01, 2012
دیگرکارروائیوں میں187 سماج دشمن پکڑے گئے، اسلحہ، منشیات اور مسروقہ گاڑیاں برآمد. فوٹو : فائل

ایس ایس پی حیدرآباد پیر فرید جان سرہندی نے کہا ہے کہ صحافی کی بہو اوربیٹے کے قتل کے الزام میںلڑکی کے باپ اور بھائی سمیت 5ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ایس پی ہیڈ کوارٹر امجد شیخ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیر فرید جان کا کہنا تھاکہ سینئر صحافی احمد خان شیخ کے بیٹے اشتیاق شیخ نے تقریباً 10 ماہ قبل سمیعہ نامی لڑکی سے پسند کی شادی کی تھی، دو ماہ قبل دونوں کے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے پر ایف آئی آر درج کر کے کارروائی شروع کی گئی، جس میں انکشاف ہوا کہ اشتیاق اور سمیعہ کو لڑکی کے والد، بھائی اور انکے ساتھیوں نے قتل کر دیا ہے، جس کے بعد پولیس نے لڑکی والد احمد ڈیتھو، بھائی قاسم ڈیتھو سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جنہوں نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ انھوں نے اشتیاق اور سمیعہ کو قتل کیا ہے۔

جب کہ باقی ماندہ ملزمان کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ پولیس نے ٹنڈو محمد خان روڈ پر کارروائی کے دورا ن سندھ کے کئی اضلاع کے تھانوں کو قتل، اقدام قتل، لوٹ مار، رہزنی سمیت دیگر جرائم میں مطلوب مور سیال، قادر بخش، اسلم سمیت چار افراد کو گرفتار کر کے سرکاری کلاشنکوف سمیت دیگر اسلحہ، مسروقہ کار برآمد کر لی ہے جب کہ پولیس نے اکتوبر میں مختلف کارروائیوں کے دوران 90 روپوش، دو اشتہاری، تین ڈاکو سمیت 187 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر کے ایک کار، موٹر سائیکل، اسلحہ، منشیات اور دیگر سامان برآمد کر لیا ہے۔