دورئہ پاکستان پر بھیجا ہوا خط بنگلہ دیش کے حلق کا کانٹا بن گیا

ٹورکی یقین دہانی کرائی گئی، بغیر ٹھوس وجہ کے کمٹمنٹ سے پیچھا چھڑانا ممکن نہ ہوگا۔


Sports Desk November 03, 2012
ٹورکی یقین دہانی کرائی گئی، بغیر ٹھوس وجہ کے کمٹمنٹ سے پیچھا چھڑانا ممکن نہ ہوگا۔ فوٹو: فائل

دورئہ پاکستان کے حوالے سے خط بنگلہ دیش کے حلق کا کانٹا بن گیا۔

خط میں دسمبر میں دورے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے اور بورڈ کیلیے بغیر کسی ٹھوس وجہ کے اس کمٹمنٹ سے پیچھا چھڑانا ممکن نہ ہو گا، بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے یہ تو نہیں بتایا کہ کس نے یہ خط تحریر کیا البتہ اتنا ضرور کہا کہ چونکہ ہم پاکستانی بورڈ کو یقین دہانی کرا چکے لہذا ضروری اقدامات کرنا ہوں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ خط نظم الحسن کے 18 اکتوبر کو عہدہ سنبھالنے سے قبل بھیجا گیا تھا۔ بورڈ کی میڈیا کمیٹی کے چیئرمین جلال یونس نے کہا کہ ہم نے پی سی بی سے دورے کیلیے کوئی رابطہ نہیں کیا مگر ہم نے ایک خط دیکھا جس میں وہاں کھیلنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، اسی وجہ سے پاکستانی میڈیا میں یہ خبریں آنے لگیں کہ بنگلہ دیشی ٹیم ٹور کرے گی،انھوں نے کہا مختصر سے خط میں سیکیورٹی یا سفری معاملات کا کوئی تذکرہ نہیں ہے۔

اب ہم یہ جائزہ لے رہے ہیں کہ کیا پاکستان کا دورہ کرنا ضروری ہے یا کوئی اور آپشن بھی موجود ہو گا، اگر ہم نے ٹیم کو بھیجا تو بہترین سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا، جلال یونس نے مزید کہا کہ گوکہ یہ خط گذشتہ ماہ کے اوائل میں بھیجا گیا مگر پی سی بی کا اب بھی یہی کہنا ہے کہ دورے کا فیصلہ بنگلہ دیشی بورڈ کرے گا، جی ایم میڈیا ندیم سرور یہ کہہ چکے ہیں کہ چیئرمین ذکا اشرف نے یہ بیان نہیں دیا کہ بنگال ٹائیگرز دسمبر میں پاکستان جائیں گے انھوں نے فیصلہ ہم پر چھوڑ رکھا ہے۔ یاد رہے نظم الحسن نے جمعرات کو پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ پڑوسی ملک ٹیم بھیجنے سے قبل سیکیورٹی سمیت اپنا مالی فائدہ دیکھیں گے، انھوں نے حکومت سے کلیئرنس لینے کی بھی بات کی تھی۔ بنگلہ دیشی بورڈ عہدیداران کی اکثریت سیکیورٹی خدشات کے سبب دورے سے جان چھڑانا چاہتی ہے۔