طالبان کی دھمکی نئی نہیں مجرم کوسزا ملنی چاہیےسبزواری

کراچی میں پولیس اور رینجرز دونوں ہی رہیں گے،ججز نے ڈرنا ہے تو فیصلے کرنا چھوڑ دیں، شرجیل.


Monitoring Desk November 03, 2012
وزارت داخلہ جماعت اسلامی کودیدیں،امن لے آئینگے،اسداللہ بھٹو ’’ٹودی پوائنٹ‘‘ میں گفتگو. فوٹو: ایکسپریس/فائل

ایم کیوایم کے رہنما فیصل سبز واری نے کہاہے کہ ایم کیو ایم کو طالبان کی طرف سے آج کوئی نئی دھمکی نہیں دی گئی لیکن ایم کیو ایم کا موقف اصولی اوراٹل ہے ۔

پاکستان کو آگے لے جانا ہے کس نظریے کے تحت اور کس سوچ کے تحت جانا ہے یہ اب طے کرنا بہت ضروری ہے ۔پروگرام ''ٹودی پوائنٹ'' میں شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ مجرم صرف مجرم ہے چاہے اس کا کسی بھی جماعت سے تعلق کیوں نہ ہو،اسے سزا ملنی چاہیے۔اگر کوئی ایم کیو ایم کو حالات کی خرابی کی وجہ سے قراردے تو اس کوپتہ ہونا چاہئے کہ پچاسی فیصد کراچی کا مینڈیٹ ہمارے پاس ہے تو ہم اپنے گھر کو تیلی کیوں دکھائیں گے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہاکہ کراچی میں رینجرز کی اشد ضرورت ہے پولیس اور رینجرز دونوں ہی رہیں گے بہت سی جگہوں پر پولیس اور رینجرزمل کر ڈیوٹی دے رہی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ہمارے دور میں پولیس کی تنخواہیں بڑھی ہیں۔ پہلے شہید پولیس اہلکار کو دولاکھ ملتے اب شہید ہونے والے پولیس اہلکار کے لواحقین کو بیس لاکھ ملتے ہیں ۔کئی مقدمے ایسے ہیں کہ پولیس نے کسی قاتل کو پکڑا تو عدالت نے اس کو چھوڑ دیا۔ میں نے پہلے بھی کہاہے کہ اگر ججز نے ڈرنا ہے تو فیصلے کرنے چھوڑ دیں ۔

جماعت اسلامی کے رہنما اسد اللہ بھٹو نے کہاکہ رحمان ملک شہنشاہ آدمی ہیں جب بھی کوئی واقعہ ہوتا ہے ہر دفعہ خوبصورت الفاظ اور دل بہلانے کے لئے بیان دے کر چلے جاتے ہیں ۔چار سال حکومت نے روٹھنے منانے اور بیان بازی میں نکال دیئے روز لوگ مرتے ہیں روزبیان بازی ہوتی ہے لیکن پکڑا کوئی نہیں جاتاکراچی کے حالات میں سیاسی مداخلت بہت زیادہ ہے ۔ہم طالبان کے خلاف آپریشن کے خلاف نہیں ہیں لیکن آپریشن بامقصد ہونا چاہئے اور امن کا واحد راستہ آپریشن بھی نہیں ہے ۔کراچی میں اب بھی ہمارا ووٹ بینک ہے اگر شفاف انتخابات ہوں تو جماعت اسلامی آج بھی کراچی کی سب سے بڑی جماعت ثابت ہوگی۔ وزارت داخلہ جماعت اسلامی کو دی جائے ہم کراچی میں امن لے آئیں گے۔