بھارت نے آسٹریلیا کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی شکست دے دی

تین میچز پر مشتمل سیریز میں بھارت نے 0-2 سے فیصلہ کن برتری بھی حاصل کرلی۔


ویب ڈیسک January 29, 2016
تین میچز پر مشتمل سیریز میں بھارت نے 0-2 سے فیصلہ کن برتری بھی حاصل کرلی۔ فوٹو: اے ایف پی

PESHAWAR: بھارت نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان آسٹریلیا کو 27 رنز سے شکست دے کر 3 میچز پر مشتمل سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں کینگروز کپتان ایرون فنچ نے وہی غلطی دوبارہ دہرائی جو وہ پہلے میچ میں کرچکے تھے، ٹاس جیتنے کے باوجود بھارت کو بیٹنگ دینے کا فیصلہ کینگروز ٹیم کو لے ڈوبا اور مہمان ٹیم نے شاندار کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنزبنائے جس کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر157 رنز ہی بنا سکی۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم کے اوپننرز شان مارش اور کپتان ایرون فنچ نے ٹیم کو 94 رنزکا عمدہ آغاز فراہم کیا، فنچ 74 اور مارش 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کینگروز بلے باز اسکور کے تسلسل کو برقرار نہ رکھ سکے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے چلے گئے۔ کرس لین 2، گلین میکسوئل ایک، شین واٹسن 15، میتھیو ویڈ 16،جیمس فالکنر 10، جان ہیزٹنگ اور انڈریو ٹائی 2،2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بھارت کی جانب سے جیسپت بوہمرا اور روندرا جدیجا نے 2،2 جب کہ روی چندرن ایشون، یوراج سنگھ اور ہاردک پانڈے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پرویرات کوہلی کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

بھارتی بلے بازوں نے پہلے بیٹنگ کے دوران آسٹریلوی بولروں کی خوب پٹائی کی اور اوپننگ بلے باز شیکردھاون اور روہت شرما نے پہلی وکٹ پر 97 رنز کی شراکت قائم کی تو دھاون 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد 143 کے مجموعی اسکور پر روہت شرما بھی 60 رنزبنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔ تیسری وکٹ پر ویرات کوہلی اورکپتان مہندرا سنگھ دھونی نے دھواں دھار بیٹنگ جاری رکھی اور ویرات کوہلی نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے اور 44 گیندوں پر 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 59 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ دھونی 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے اینڈریو ٹائی اور گلین میکسوئل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے