ملک بھرمیں یوم یکجہتی کشمیرجوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

آزادکشمیرکوپاکستان سےملانےوالےتمام راستوں پرانسانی ہاتھوں کی زنجیربنائی گئی اور10بجےایک منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی


ویب ڈیسک February 05, 2016
ریاست جموں و کشمیر کا فطری، ثقافتی، مذہبی اور معاشی تعلق بھارت کے مقابلے میں پاکستان سے زیادہ ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر۔ فوٹو: فائل

لاہور: کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے آزاد جموں وکشمیر سمیت ملک بھر میں اور بیرون ملک یوم یکجہتی کشمیر جوش و ولولے سے منایا گیا۔

کشمیرڈے پرملک بھرمیں عام تعطیل رہی جب کہ سیاسی و مذہبی جماعتوں اورعام عوام کی جانب سے آزاد کشمیرکو پاکستان سے ملانے والے تمام راستوں پرانسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی اور کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ مظفر آباد میں کوہالہ پل پرانسانی ہاتھوں کی رنجیر بنائی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔

یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں اور تنظیموں کی طرف سے مظاہروں، ریلیوں، سیمینارز اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا گیاجب کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں خصوصی دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں۔ بیرون ملک پاکستانی مشنز میں بھی ریلیاں، سیمینار اور تصویری نمائشوں کا اہتمام کیا گیا۔

وزیر اعظم نواز شریف کا آزاد کشمیرکی قانون سازاسمبلی اور کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کا کشمیر سے ہمہ جہتی کا رشتہ ہے اور کوئی بھی پاکستانی کبھی بھی کشمیر کو بھلا نہیں سکتا، اقوام متحدہ کو عوام کے سامنے جوابدہ ہونا چاہیئے کہ وہ مسئلہ کمشیر کے حوالے سے منظور کردہ اپنی قراردادوں پرعمل درآمد کرانے میں کیوں ناکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کی قراردادوں پر عمل درآمد نہ ہونے کا تعلق اقوام متحدہ کی ساکھ اور اس کے وقار سے ہے، اگر اقوام متحدہ کی کچھ قراردادوں پر عمل درآمد سیاہی سوکھنے سے قبل ہی ہو جاتا ہے اور کچھ پر صدیاں گزر جانے کے بعد بھی عمل نہیں ہوتا تو عالمی فورم کو سوچنا ہو گا کہ اس کی حیثیت اور وقار کیا ہوگا۔

صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے کشمیر ڈے پر اپنے اپنے پیغام میں کہا کہ کہ آزادی کے حصول تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے، مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیے بغیر خطے میں امن بحال نہیں ہو سکتا، کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے جرأت مندانہ جدوجہد میں ان کی بھر پورسیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

صدرآزاد کشمیر سردار یعقوب نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں، یوم یکجہتی کشمیر منانے سے تحریک آزادی کشمیر میں نئی روح پھونک دی گئی ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کا فطری، ثقافتی، مذہبی اور معاشی تعلق بھارت کے مقابلے میں پاکستان سے زیادہ ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمرفاروق نے یوم یکجہتی کشمیر منانے پر پاکستان کی حکومت،عوام اور سیاسی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے، پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف زرداری نے کہا کہ حق خودارادیت کسی بھی طاقت سے دبایا نہیں جا سکتا۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ ہم ہرمشکل گھڑی میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویزمشرف اورسیکریٹری جنرل ڈاکٹرامجد نے کہا کہ ہم نے مسئلہ کشمیر کا قابل عمل حل پیش کیاتھا جس پر بھارت متفق تھا مگربعد میں آنے والی حکومت نے یہ مسئلہ پس پشت ڈال دیا۔ پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کشمیری عوام کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں