ٹور میچ ڈرا فلیٹ وکٹ پر پروٹیز کی بھرپور بیٹنگ پریکٹس

مڈل آرڈر بیٹسمین جیکس روڈلف نے39 اور پال ڈومنی نے 31 رنز اسکور کیے


Sports Desk November 05, 2012
ہاشم آملا 53 رنز بنانے کے بعد دوسرے بیٹسمین کو موقع دینے کیلیے ریٹائر آئوٹ ہوگئے۔ فوٹو : فائل

جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا اے کے درمیان سہ روزہ وارم اپ میچ ڈرا ہوگیا، فلیٹ وکٹ پر پروٹیز کو بیٹنگ پریکٹس کا بھرپور موقع میسر آیا، 6 بیٹسمینوں نے 5 سیشن وکٹ پر گزارے۔

جنوبی افریقہ نے اپنی اننگز 6 وکٹ 277 رنز پر ڈیکلیئرڈ کی، ہاشم آملا بھی کپتان گریم اسمتھ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ففٹی بناکر ریٹائرڈ آئوٹ ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق سڈنی کرکٹ گرائونڈ میں اگرچہ پروٹیز میزبان اے سائیڈ کے برابر 480 رنز تو نہیں بنائے مگر کریز پر کافی وقت صرف کرکے آسٹریلوی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کی، ہاشم آملا 53 رنز بنانے کے بعد دوسرے بیٹسمین کو موقع دینے کیلیے ریٹائر آئوٹ ہوگئے، ان سے قبل ہفتے کو گریم اسمتھ بھی 60 رنز بناکر اسی مقصد کے تحت پویلین واپس لوٹ گئے تھے۔

مڈل آرڈر بیٹسمین جیکس روڈلف نے39 اور پال ڈومنی نے 31 رنز اسکور کیے،ابراہم ڈی ویلیئرز اور فاف ڈو پلیسس دونوں نے 24، 24 رنز بنائے، ٹیم کا اسکور جب 6 وکٹ پر 277 ہوا تو چائے کے وقفے کے بعد گریم اسمتھ نے اننگز ڈیکلیئرڈ کرکے اپنے بولرز کو مزید پریکٹس کا موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا، جب آسٹریلیا اے کا اسکور ایک وکٹ پر 13 رنز تھا تو کھیل ختم ہونے سے ایک گھنٹہ قبل ہی دونوں کپتانوں کی باہمی رضامندی سے میچ کو ڈرا قرار دے دیا گیا۔

ٹیسٹ نمبر ون ٹیم جنوبی افریقہ اب گابا برسبین میں 9 نومبر سے آسٹریلیا کا پہلا ٹیسٹ میں مقابلہ کرے گی، پروٹیز 49 برس میں پہلی مرتبہ گابا میں پانچ روزہ میچ کھیلنے والے ہیں، ابراہم ڈی ویلیئرز کمر اور ٹخنے کی معمولی انجریز کا شکار ہیں، آل رائونڈر جیک کیلس سینے میں معمولی انفیکشن اور فاسٹ بولر مورن مورکل آرام دیے جانے کی وجہ سے پریکٹس میچ میں شریک نہیں تھے تاہم ان کی ٹیسٹ شمولیت متوقع ہے۔