یواے ای کے حکمران کا وزارت مسرت اور برداشت بنانے کا اعلان

یہ وزارتیں معاشرے میں اچھائی اور اطمینان لانے کے لیے پالیسیاں بنائیں گی۔


ویب ڈیسک February 09, 2016
یہ وزارتیں معاشرے میں اچھائی اور اطمینان لانے کے لیے پالیسیاں بنائیں گی۔ فوٹو؛ فائل

متحدہ عرب امارات کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم اپنی زندہ دلی اور نوجوان نسل سے خاص لگاؤ کی وجہ سے دنیا بھر کی نگاہوں کا مرکز بن گئے ہیں اور اب انہوں نے اپنی کابینہ میں نئی اور دلچسپ وزارتیں بنانے کا اعلان کیا ہے جس میں وزیر مملکت برائے مسرت اور برداشت نمایاں ہیں۔

دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کا ان وزارتوں کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ وزارتیں معاشرے میں اچھائی اور اطمینان لانے کے لیے پالیسیاں بنائیں گی اور لوگوں میں ایک دوسرے کے احترام اور برداشت کرنے کے جذبات کو ابھاریں گی۔ انہوں نے کہا کہ کئی وزارتوں کوضم کر دیا جائے گا جب کہ اس کے علاوہ حکومت کے بہت سے شعبوں کی خدمات نجی اداروں کو سونپ دی جائیں گی۔

شیخ محمد بن راشد نے کہا کہ ان وزارتوں کی کوشش ہوگی کہ ایسے وزرا کو کابینہ میں شامل کیا جائے جو نوجوان ہوں اور تبدیلی کے لیے کام کر سکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ایک نوجوان اور لچکدار حکومت چاہتے ہیں جو نوجوان نسل کی خواہشات کو پورا کرسکے اور نئی نسل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرسکیں۔

شیخ محمد نے اپنے ٹوئٹر پیج پر لکھا کہ وزیر مملکت برائے برداشت کا کام نیکی اور اخلاق کو متحدہ عرب امارات کے معاشرے میں بطور بنیادی قدر کے پھیلانا ہو گا جب کہ اس کام کو مزید وسعت دینے کے لیے ایک یوتھ نیشنل کونسل بھی بنائی جارہی ہے تاکہ نوجوان مرد و خواتین کا ایک بہترین گروپ حکومت کو نوجوانوں کے مسائل سے آگاہ کرے، اس کا انتظام ایک خاتون وزیر مملکت برائے یوتھ چلائے گی جن کی عمر 22 سال سے زیادہ نہیں ہوگی۔

مقبول خبریں