تاجروں اور ق لیگ کا عوامی ریفرنڈم کی حمایت کا اعلان

ریشم بازار کے دکاندوارںکا اجلاس،زیادہ سے زیادہ تعداد میں حق رائے دہی استعمال کرنیکی اپیل.


Numainda Express November 07, 2012
مسلم لیگی کارکن 14 نومبرکو متحدہ کے ریفرنڈم میں بھرپور حصہ لیں گے،ناصر بلوچ. فوٹو: فائل

لاہور: انجمن دکانداران ریشم بازار اور مسلم لیگ ق حیدرآباد نے متحدہ قومی موومنٹ کے عوامی ریفرنڈم کی حمایت کا اعلان کردیا ہے اور دکانداروں، لیگی کارکنوں اور عوام سے ریفرنڈم میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔

انجمن دکانداران ریشم بازار کا اجلاس یونین آفس میں منعقد ہوا، جس میں دکانداران کے علاوہ اہل محلہ نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں متحدہ کے عوامی ریفرنڈم کی حمایت کا فیصلہ کیا گیا اور دکانداران و عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔ اجلاس میں اس امید کا اظہار بھی کیا گیا کہ حیدرآباد کے دکانداران اور عوام 14 نومبرکو ثابت کردیں گے کہ ہم بانیان پاکستان کی اولاد ہیں، ہم نے قائداعظم کے ساتھ مل کر پاکستان بنایاتھا اورہم ہی اس کو بچائیں گے، ہم قائداعظم کا پاکستان چاہتے ہیں، جہاں سب کو اپنی مرضی سے جینے کاحق ہو، ہم طالبان کا پاکستان نہیں چاہتے جہاں انتہا پسندانہ سوچ کے ذریعے بیگناہ لوگوںکوماراجارہاہے۔

اجلاس میں حیدرآبادمیں دہشت گردی کے مسلسل واقعات اور اس کے نتیجے میں بے گناہوں کی شہادت کی مذمت کی گئی اور حکومت سے مطالبہ کیاگیا کہ قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ دوسری جانب مسلم لیگ قاف حیدرآباد ضلع کے جنرل سیکریٹری ناصر بلوچ نے بھی ایم کیوایم کے عوامی ریفرنڈم کی حمایت کااعلان کیا ہے۔ انھوںنے کہا کہ قائدمتحدہ الطاف حسین نے بروقت جرات مندانہ قدم اٹھاتے ہوئے عوامی ریفرنڈم کا اعلان کیا ہے ، قائد اعظم نے ہمیشہ ایسی اسلامی اورفلاحی ریاست کا تصوردیا تھا جہاں تمام لوگ بلارنگ ونسل اورفرقے کے آزادانہ زندگی گزار سکیں۔ انھوں نے مسلم لیگی کارکنوں اور پاکستان کے 18کروڑ عوام سے اپیل کی کہ وہ 14 نومبر کو عوامی ریفرنڈم میں بھرپور حصہ لیں اوراپنی رائے کا اظہار کریں۔