روئی کے بھائو 200 روپے اضافے سے 6200 روپے من ہوگئے

پھٹی کی قیمت بھی 300 بروپے بڑھ کر 3000 روپے فی 40 کلو گرام ہوگئی، ذرائع


Business Reporter November 08, 2012
پھٹی کی قیمت بھی 300 بروپے بڑھ کر 3000 روپے فی 40 کلو گرام ہوگئی، ذرائع فوٹو: فائل

پاکستان اور بھارت میں رواں سیزن کے دوران کپاس کی پیداوار سابقہ تخمینوں کی نسبت گھٹنے کی اطلاعات، امریکی ڈالرکی بڑھتی ہوئی قدرکی وجہ سے پاکستانی روپے پر بڑھتے ہوئے دبائو اور چین کی جانب سے پاکستانی سوتی دھاگے کی وسیع پیمانے پر خریداری معاہدوں کے باعث مقامی کاٹن مارکیٹس میں روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں نمایاں تیزی کا رجحان غالب ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران ملک کے بیشتر شہروں میں فی من روئی کی قیمت 200 روپے اضافے سے 6200 روپے جبکہ فی40 کلوگرام پھٹی کی قیمت 300 روپے کے اضافے سے3000 روپے کی سطح تک پہنچ گئی ہے، مذکورہ عوامل کے سبب کاٹن سیکٹر کے بیوپاریوں کوتوقع ہے کہ آئندہ چند روزمیں روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں تیزی کا تسلسل قائم رہے گا۔ پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے سابق ایگزیکٹو ممبر احسان الحق نے بتایا کہ کپاس کی پیداوارمیں کمی کے خدشات اور بھارت کی جانب سے کاٹن ایکسپورٹ پر مکمل یا جزوی پابندی عائد کرنے کے امکانات سے روئی کی قیمتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔