میڈیا ذمے داری کا مظاہرہ اور خود کو درست کرے کائرہ

عدالت عظمیٰ کو اختیار نہیں کہ آئین کے پہلے آرٹیکل سے آخری تک کا جائزہ لے اور تشریح کرے


APP November 08, 2012
عدالت عظمیٰ کو اختیار نہیں کہ آئین کے پہلے آرٹیکل سے آخری تک کا جائزہ لے اور تشریح کرے . فوٹو: اے پی پی/فائل

وفاقی وزیر اطلاعات قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ پارلیمان نے سپریم کورٹ کو اختیارات دیے ہیں اور اسے ان اختیارات کے اندر رہتے ہوئے کام کرنا ہے۔

میڈیا کو ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے آپ کو درست کرنا چاہیے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا پارلیمنٹ ملک کا سپریم اور عوام کا نمائندہ ادارہ ہے جو آئین بناتا ہے اور اس میں ترمیم کرتا ہے اور یہ آئین کا نگہبان ہے۔ انھوں نے کہا کہ میڈیا میں پڑھا ہے کہ چیف جسٹس نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ ایک سپریم ادارہ ہے۔

ہر گز ایسا نہیں، ہاں عدالتوں میں سپریم کورٹ سپریم ادارہ ہے تاہم ملک کا سپریم ادارہ صرف پارلیمان ہے۔ سپریم کورٹ کا یہ اختیار کسی صورت نہیں کہ وہ آئین کو ایک کتاب کی مانند لے کربیٹھ جائے اور اس کے پہلے آرٹیکل سے لے کر آخری آرٹیکل تک کا جائزہ لے اور اس کی تشریح کرے، سپریم کورٹ کا یہ اختیار ہے کہ اگر فیڈریشن کے یونٹوںمیں کسی آرٹیکل پر اختلاف ہوجاتا ہے تو سپریم کورٹ نے اس سلسلے میں ایک تشریح کرنے والے کا کردار ادا کرنا ہے۔