اسمگلنگ سے نمٹنے کے لیے 10 فوکل پرسن تعینات

ملک بھرمیں تعینات کیےگئےفوکل پرسنزکاتعلق ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ اورڈائریکٹوریٹ جنرل کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن سےہے


Irshad Ansari March 01, 2016
ہزارہ ڈویژن کے علاوہ ایم سی سی راولپنڈی کی حدود کے لیے ایڈیشنل کلکٹر ایم سی سی اسلام آباد عبدالوحید مروت کو فوکل پرسن تعینات کیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

LONDON: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے ملک بھر میں اسمگلنگ کے خلاف کارروائی موثر بنانے کے لیے 10فوکل پرسن تعینات کر دیے ہیں۔

اس ضمن میں ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کی جانب سے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن بھی کردیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے ملک بھر میں تعینات کیے جانے والے فوکل پرسنز کا تعلق ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ اور ڈائریکٹوریٹ جنرل کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن سے ہے، ہرکلکریٹ کی حدود میں 1 فوکل پرسن ایم سی سی سے جبکہ دوسرا ڈائریکٹوریٹ جنرل کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو سے لیا گیا ہے۔

دستاویز میں بتایا گیاکہ کے پی کے میں پشاور سمیت دیگر علاقوں کے لیے 2 فوکل پرسن تعینات کیے گئے ہیں جس کے تحت ہزارہ ڈویژن کے علاوہ ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ پشاور کی دیگر تمام حدود میں انسداد سمگلنگ کی سرگرمیوں کے خلاف جاری کاروائیوں کے لیے ایڈیشنل کلکٹر ایم سی سی پشاور فضل صمد اور ایڈیشنل ڈائریکٹر انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ایف بی آرپشاور ضیاء الشمس کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔

ہزارہ ڈویژن کے علاوہ ایم سی سی راولپنڈی کی حدود کے لیے ایڈیشنل کلکٹر ایم سی سی اسلام آباد عبدالوحید مروت کو فوکل پرسن تعینات کیا گیا ہے، ایم سی سی راولپنڈی کی حدود بشمول ہزارہ ڈویژن اور ایم سی سی گلگت بلتستان کے لیے ایڈیشنل ڈائریکٹر آئی اینڈ آئی ایف بی آر راولپنڈی محمد سلیم کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔

دستاویز کے مطابق ایم سی سی لاہور پریوینٹو کی حدود کے لیے ایڈیشنل کلکٹر ایم سی سی پریوینٹو لاہور عامر رشید، ایم سی سی پریوینٹو لاہور، گوجرانولہ اور سیالکوٹ ریجن کے لیے ڈائریکٹر آئی اینڈ آئی ایف بی آر لاہور رضوان کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے جبکہ ایم سی سی فیصل آباد کی حدود کے لیے ایڈیشنل کلکٹر ایم سی سی فیصل آباد سعید اسد، آئی اینڈ آئی فیصل آباد سے ڈائریکٹر ایڈیشنل ڈائریکٹر عظمت طاہرہ کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے، اسی طرح ایم سی سی سیالکوٹ کی حدود کے لیے ایڈیشنل کلکٹر ایم سی سی سیالکوٹ فیض علی کو فوکل پرسن مقرر کیا ہے اور ایم سی سی گلگت بلتستان کی حدود کے لیے ایڈیشنل ڈائریکٹر اصدق افضل کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔