عامر خان نے اپنی فلم ’’دنگل‘‘ کی نمائش کی تاریخ تبدیل کردی

عامر خان کی نئی آنے والی فلم ’’دنگل‘‘ 23 دسمبر کی بجائے 15 اگست کونمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔


ویب ڈیسک March 05, 2016
عامر خان کی نئی آنے والی فلم ’’دنگل‘‘ 23 دسمبر کی بجائے 15 اگست کونمائش کے لیے پیش کی جائے گی،فوٹو:فائل بشکریہ مڈ ڈے

KARACHI: بالی ووڈ میں اپنے کردار میں ڈھل جانے کے حوالے سے شہرت رکھنے والے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے اپنی نئی آنے والی فلم ''دنگل'' کی نمائش کی تاریخ تبدیل کردی ہے۔

بالی ووڈ اداکار عامر خان فلموں میں اپنے کردار میں حقیقی رنگ بھرنے کے باعث شہرت رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی فلم کو مکمل کرنے میں 2 سال بھی لگا دیتے ہیں جب کہ مسٹر پرفیکشنسٹ آج کل اپنی نئی آنے والی فلم ''دنگل'' کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کے لیے وہ انتھک محنت کررہے ہیں تاہم اب انہوں نے اپنی فلم کی ریلیز کی تاریخ تبدیل کرکے پروڈیوسر کو پریشان کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابقعامر خان کی بھارتی ریسلر کی مہاویر سنگھ پھوگٹ کی زندگی پر بننے والی اپنی فلم ''دنگل'' کی نمائش کی تاریخ تبدیل کردی ہے جس کے بعد اب فلم رواں سال 23 دسمبر کی بجائے 15 اگست کو ریلیز کی جائے گی جب کہ اس حوالے سے اداکار کا کہنا تھا کہ فلم ''دنگل'' حب الوطنی پر مشتمل ہے جس کی نمائش کے لیے آزادی کے دن سے بہتر کوئی تاریخ نہیں۔

دوسری جانب بالی ووڈ اداکار ہریتھک روشن کی 15 اگست کو ریلیز ہونے والی فلم ''موہن جو دڑو'' اور فلم''دنگل'' کے پروڈیوسر سدھارت رائے کپور دونوں فلموں کے باکس آفس پر تصادم کے حق میں نہیں ہیں اور انہوں نے اداکار عامر خان کے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے جب کہ مسٹر پرفیکشنسٹ کے جانب سے فلم کی پرانی تاریخوں میں نمائش کے لیے راضی نہ ہونے پر پروڈیوسر کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکار عامر خان فلم ''دنگل'' میں بھارتی ریسلر مہاویر سنگھ پھوگٹ کا کردار نبھائیں گے جس کے لیے انہوں نے اپنے وزن میں 25 کلو اضافہ کیا تھا۔