سندھ نے گڈز ٹرانسپورٹرز کے انکم ٹیکس کا معاملہ وفاق کے ساتھ اٹھا دیا

یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس نے انکم ٹیکس میں مسلسل اضافے کی وجہ سے 4فروری کو ہڑتال کردی تھی


Irshad Ansari March 06, 2016
یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس نے انکم ٹیکس میں مسلسل اضافے کی وجہ سے 4فروری کو ہڑتال کردی تھی فوٹو: راشد اجمیری/ ایکسپریس

گڈز ٹرانسپورٹرز پر انکم ٹیکس میں 300 فیصد تک کے اضافے کا معاملہ سندھ حکومت نے وفاق کے ساتھ اٹھا دیا۔ ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ کی ہدایت پر سیکریٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی سندھ نے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو خط لکھ کر 3سال کے دوران انکم ٹیکس میں300 فیصد اضافے کے حوالے سے گڈزٹرانسپورٹرز کے تحفظات سے آگاہ کیا اور معاملے پر بات چیت کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس نے انکم ٹیکس میں مسلسل اضافے کی وجہ سے 4فروری کو ہڑتال کردی تھی جو وزیراعلیٰ سندھ کی مداخلت پر رواں ماہ تک ملتوی کی گئی، اس سلسلے میں5فروری کو یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس کے وفد نے وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کی اور وفاقی حکومت کی جانب سے 3سال کے دوران گڈز ٹرانسپورٹرز پر انکم ٹیکس کی شرح میں 300 فیصد تک اضافے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاگیا کہ انکم ٹیکس میں نمایاں اضافے کے باعث ان کے مسائل اس حد تک بڑھ گئے ہیں کہ اشیا کی ترسیل ناممکن ہوگئی ہے۔

دستاویز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ ملاقات میں فیصلہ ہوا تھاکہ گڈز ٹرانسپورٹرز کا معاملہ حل کرنے کے لیے وفاق کے ساتھ اٹھایا جائے گا کیونکہ انکم ٹیکس ایف بی آر کی جانب سے عائد ہے۔ دستاویز میں بتایا گیاکہ وزیراعلیٰ سندھ کی یقین دہانی پر یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس نے اپنی ہڑتال مارچ تک ملتوی کردی لہٰذا چیئرمین ایف بی آر سے درخواست ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے انکم ٹیکس مسائل پر بات چیت کے لیے وقت دیا جائے تاکہ ٹرانسپورٹرز کے جائز مسائل سن کر معاملے کو حل کیا جا سکے اور وزیراعلیٰ سندھ کو اس بارے میں رپورٹ کی جاسکے۔