سینٹرل جیل میں ایم کیو ایم کے کارکنوں پرتشدد کا الزام بےبنیاد ہے وزیرداخلہ سندھ

جیل میں کسی قیدی پر تشدد نہیں کیا گیا جبکہ ایم کیوایم کے کسی قیدی کو بند وارڈ بھی نہیں کیا گیا، سہیل انور سیال


ویب ڈیسک March 13, 2016
جیل مینول کے مطابق سندھ کی تمام جیلوں میں روٹین کا سرچ آپریشن کرتے رہتے ہیں ، سہیل انورسیال:فوٹو:فائل

GAZA CITY: سندھ کے وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے ایم کیو ایم کی جانب سے سینٹرل جیل میں ان کے کارکنوں پر تشدد اور دباؤ ڈالنے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق صوبائی وزیرداخلہ سہیل انور سیال نے سینٹرل جیل میں قیدیوں پرتشدد کی تردید کرتے ہوئے ایم کیو ایم کی جانب لگائے جانے والے الزامات کو بے بنیاد قراردے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جیل میں قیدیوں پرکسی قسم کا دباؤ ڈالا جارہا ہے اور نہ ہی تشدد ہورہا ہے جب کہ ایم کیوایم کے کسی قیدی کو بند وارڈ بھی نہیں کیا گیا۔

سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ فاروق ستارکومیڈیا کے بجائے ڈائریکٹ مجھ سے رابطہ کرناچاہئے تھا، جیل کے اندرسرچ آپریشن روٹین کا حصہ ہے، جیل مینول کے مطابق سندھ کی تمام جیلوں میں روٹین کا سرچ آپریشن کرتے رہتے ہیں جب کہ تمام قیدیوں کو مینول کے مطابق سہولتیں بھی فراہم کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ 2 دن پہلے جیل میں قید ہمارے 40 قیدیوں کو رینجرز نے جیل حکام اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر تشدد کا نشانہ بنایا جس نے ہمارے شک کو یقین میں بدل دیا ہے کہ ہمارے خلاف سازش ہورہی ہے۔