کمپیوٹر چلانے اور بیڈ پر سونے والا پالتو مگر مچھ

امریکی خاتون کا پالتو مگر مچھ بچوں سے محبت کرتا ہے اور ان قریب آنے پر اپنا منہ بند کرلیتا ہے۔


ویب ڈیسک March 19, 2016
امریکی خاتون کا پالتو مگر مچھ بچوں سے محبت کرتا ہے اور ان قریب آنے پر اپنا منہ بند کرلیتا ہے۔ فوٹو فوکس نیوز

KARACHI: کتے، بلی اور گھوڑے جیسے دیگر کئی جانوروں کو اکثر لوگ پالتو جانور کے طور بھی اپنے گھروں میں پالتے ہیں اور ان سے بہت محبت رکھتے ہیں لیکن آپ کو یہ سن کر حیرت ہوگی کہ امریکی خاتون نے مگر مچھ کوپالتو جانور کے طور پر پالا اور اس کی ایسی دیکھ بھال کی کہ اب مگر مچھ بھی ان سے محبت کرتا ہے بلکہ موٹر سائیکل پر بھی بیٹھتا ہے۔



امریکی ریاست فلوریڈا کی رہنے والی خاتون نے اپنے اس پالتو مگر مچھ کو ''ریمبو'' کا نام دیا ہے جو کہ 6 فٹ لمبا ہے اور تیزی سے بڑھ رہا ہے لیکن امریکی قوانین کے مطابق مگر مچھ کی لمبائی اگر 6 فٹ سے بڑھ جائے تو اسے گھر میں نہیں رکھا جا سکتا حالانکہ جب خاتون نے اسے گود لیا تھا تو اسے 11 سال کا لائنسس دیا گیا تھا لیکن اب اسے اس مگر مچھ کو گھر میں رکھنے کے لیے قانونی جنگ لڑنا پڑ رہی ہے۔ خاتون کا کہنا ہے کہ یہ اب عام مگر مچھ کی طرح نہیں ہے بلکہ یہ مگر مچھ دھوپ میں زیادہ دیر نہیں رہ سکتا اور اس کا طرز عمل بھی جنگلی مگر مچھ سے مختلف ہے جب کہ اس کے لیے ایک کمرہ مخصوص ہے جہاں وہ بیڈ پر سوتا ہے۔



خاتون کا کہنا ہے کہ انہوں نے مگرمچھ کو سکھایا ہے کہ دوسرے کو کاٹنا نہیں اس لیے وہ اسے اپنے ساتھ کئی چیریٹی ایونٹس میں لے کر جاتی ہیں جب کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ مگر مچھ بچوں سے بہت محبت کرتا ہے اور جب بچے اس کے قریب آتے ہیں تو وہ اپنا منہ زور سے بند کرلیتا ہے یہاں تک کہ اس میں انگلی بھی نہیں جا سکتی۔ خاتون کے مطابق انہوں نے مگر مچھ کو اس وقت گود لیا جب وہ 4 سال کا تھا اور اس وقت سے اسے کمرے کے اندر رکھا ہے اس لیے اب وہ سورج کی روشنی میں نہیں رہ سکتا۔

جنگلی حیات کے حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کو اس مگر مچھ کو 2.5 ایکٹر کھلی جگہ پر رکھنا پڑے گا اگر وہ ایسا نہیں کریں گی تو انہیں مگر مچھ سے محروم ہونا پڑے گا۔