پاک بھارت میچ سے قبل دونوں ممالک کے لیجنڈ کرکٹرز کو اعزازات سے نوازا گیا

وزیراعلیٰ مغربی بنگال نے عمران خان، وسیم اکرم اور وقار یونس کو گلدستے اور شال کے تحائف دیئے۔


ویب ڈیسک March 19, 2016
وزیراعلیٰ مغربی بنگال نے عمران خان، وسیم اکرم اور وقار یونس کو گلدستے اور شال کے تحائف دیئے۔ فوٹو؛ ایکسپریس

پاک بھارت میچ سے قبل مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی نے بھارتی سپر اسٹار امیتابھ بچن اور لیجنڈ کرکٹر عمران خان سمیت دونوں ممالک کے سابق مایہ ناز کرکٹرز کو اعزازات سے نوازا۔

کولکتا کے ایڈن گارڈن میں پاک بھارت میچ سے قبل سابق کرکٹر کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی مہمان خصوصی مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینر جی تھیں جب کہ تقریب میں وزیراعلیٰ نے دونوں ممالک کے سابق مایہ ناز کرکٹرز اور بھارتی سپر اسٹار امیتابھ بچن کو اعزازت سے نوازا۔

مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ نے پاکستان کے سابق کپتان اور لیجنڈ کرکٹر عمران خان، وسیم اکرم اور وقار یونس کو اعزازت سے نوازا جس میں شال اور گلدستے بھی بطور تحائف دیئے گئے جب کہ بھارتی کھلاڑیوں میں لیجنڈ کرکٹر سنیل گواسکر، سچن ٹنڈولکر اور وریندر سہواگ کو بھی اعزازت سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ بھارتی سپر اسٹار امیتابھ بچن اور ان کے صاحبزادے ابھیشیک بچن کو بھی اعزاز اور تحائف پیش کیے گئے۔

تقریب سے خطاب میں سابق کپتان عمران خان کا کہنا تھا کہ کولکتا کے عوام کی طرف سے پرتپاک خیر مقدم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جب کہ امید ہے کہ پاک بھارت میچ کا نتیجہ وہی ہوگا جب آخری بار میں نے یہاں کھیل کر کامیابی حاصل کی تھی۔ سچن ٹنڈولکر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز ہمیشہ سے دلچسپ ہوتے ہیں لہٰذا امید ہے کہ یہ میچ بھی زبردست ہوگا جب کہ اس موقع پر بھارتی لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کا کہنا تھا کہ تاریخی مقام پر پاکستان اور بھارت تاریخی میچ کھیل رہے ہیں۔

مقبول خبریں