حکومت جان ومال کے تحفظ کاوعدہ پوراکرےکراچی چیمبر

کراچی چیمبر نے طویل دورانیے سے قیام امن کیلیے حکومت کے ساتھ نہ صرف ہرممکن تعاون کیا ہے،ہارون اگر


Business Reporter November 11, 2012
حکومت کو وعدہ پورانہ ہونے پراحتجاج کے فیصلہ سے حکومت کو آگاہ کر دیاتھا،صدر کراچی چیمبر فوٹو: فائل

تاجربرادری کے ساتھ حکومتی وعدے کے باوجود شہرمیں ٹارگٹ کلنگ نہ رکنے پرکراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاری حالات کے تناظر میں تاجروں وصنعت کاروں کا خوف ختم نہیں ہوسکا۔

کراچی چیمبرکے صدر محمد ہارون اگر نے حال ہی میں الیکٹرانکس مارکیٹ سے تعلق رکھنے والے 3 تاجربھائیوں کے قتل پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مستقل بنیادوں پر قیام امن اور ٹارگٹ کلنگ روکنے کے وعدے کو پورا کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے کراچی چیمبرآف کامرس کو امن وامان اور سیکیورٹی کے حوالے سے نتیجہ خیزاورعملی اقدامات بروئے کار لانے کی یقین دہانی کرائی تھی جبکہ گورنر سندھ نے تاجروں کی جان ومال کی حفاظت کیلیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا یقین دلایا تھا لیکن اس حوالے سے تاحال عملی اقدامات کا فقدان ہے جس کی وجہ سے تاجربرادری خود کو غیرمحفوظ تصور کر رہی ہے۔

ہارون اگر نے کہا کہ کراچی میں حساس نوعیت کی نمائش آئیڈیاز 2012جاری ہے جسے کامیاب بنانے کی غرض سے بظاہر سیکیورٹی اقدامات تو نظر آرہے ہیں لیکن ان اقدامات کے باوجود تاجروں کی ٹارگٹ کلنگ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی چیمبر نے طویل دورانیے سے قیام امن کیلیے حکومت کے ساتھ نہ صرف ہرممکن تعاون کیا ہے بلکہ کراچی چیمبر آف کامرس کے اکابرین نے ہی شہر کی تمام صنعتی علاقوں کی تنظیموں، چھوٹے تاجروں اور مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے اتفاق سے ریڈ زون میں دھرنے اور بعدازاں شٹرڈائون ہڑتال کو گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کی یقین دہانی پرملتوی کیا۔

انہوں نے کہاکہ بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی نے گورنرسندھ کو اس بات سے واضح طور پر آگاہ کردیا تھاکہ یقین دہانیوں پرعملدرآمد نہ کیا گیا اورمطلوبہ نتائج سامنے نہ آنے کی صورت میں کراچی چیمبر ایک بار پھر شہر بھر کی صنعتی علاقوں، چھوٹے تاجروں اور مارکیٹس ایسوسی ایشنز پر مشتمل ہنگامی اجلاس طلب کرے گا جس میں بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان ، مال سے لدی گاڑیوں کی لوٹ مار اورتاجروں کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف باہمی مشاورت سے مستقبل کا احتجاجی لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا اور اس لائحہ عمل میں گورنر سندھ بھی کراچی چیمبر آف کامرس کو سپورٹ کریں گے۔