میانداد کوتحقیقاتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی دعوت

آمد دشوار، منگل کوکراچی میں محسن خان، توصیف اورجلال کوبھی مدعو کرلیا گیا


Saleem Khaliq March 27, 2016
دستیابی پرآفریدی کوبھی بلایا جائے گا،بدھ کولاہور میں کوچ و دیگرافرادکی طلبی۔ فوٹو: فائل

DOHA: ایشیا کپ اور ورلڈٹی ٹوئنٹی میں شکست کی تحقیقات کیلیے قائم شدہ کمیٹی کا اجلاس منگل کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہو رہا ہے۔

کمیٹی کے سربراہ شکیل شیخ سمیت ارکان سبحان احمد، اقبال قاسم اور سلمان نصیر اس میں شرکت کریں گے۔ کمنٹری کیلیے دبئی میں موجود ٹیسٹ کپتان مصباح الحق سے بھی درخواست کی جائے گی کہ ممکن ہو تو ایک دن کیلیے وطن واپس آکر میٹنگ میں حصہ لیں، یونس خان پہلے ہی کمیٹی کا حصہ بننے سے معذرت کر چکے ہیں، اجلاس میں سابق کپتان جاوید میانداد، محسن حسن خان، توصیف احمد، جلال الدین اور محمد برادرز میں سے دستیاب کسی سابق کرکٹر کو مدعو کیا جائے گا، ان سے رائے لی جائے گی کہ قومی ٹیم کی دونوں ایونٹس میں ناقص کارکردگی کا سبب کیا ہے، کپتان شاہد آفریدی ان دنوں دبئی میں مقیم ہیں، اگر وہ منگل تک کراچی آ گئے تو انھیں بھی مدعو کیا جائے گا، ان کا بیان انتہائی اہمیت رکھتا ہے جس کی مدد سے مستقبل کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔

کمیٹی کے ارکان منگل کی شب ہی لاہور روانہ ہو کراگلے روز ایک اور میٹنگ کرینگے جس میں ممکنہ طور پر کوچ وقار یونس، منیجر انتخاب عالم اور سپورٹنگ اسٹاف کے دیگر ارکان سے رپورٹ لی جائیگی، اس کے بعد اگلے 2،3روز مزید میٹنگز کے بعد کمیٹی یکم یا2 اپریل تک اپنی رپورٹ چیئرمین پی سی بی شہریارخان کے پاس جمع کرا دے گی، اسی کی روشنی میں مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ سے ناراض سابق ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد کا میٹنگ میں آنا مشکل ہوگا، حکام بھی اس بات سے واقف ہیں مگر صرف اس لیے انھیں مدعو کیا تاکہ بعد میں وہ یہ نہ کہہ سکیں کہ مجھ سے تو کچھ پوچھا ہی نہیں گیا تھا۔

ورلڈ ٹوئنٹی 20میں ناقص کارکردگی کے بعد وقار یونس مزید کوچنگ نہیں کر سکیں گے، قبل ازیں چیئرمین بورڈ نے انھیں دورئہ انگلینڈ تک عہدے پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا مگر اب عوام اور میڈیا کے دباؤ پر فیصلہ تبدیل کر لیا ہے، عمررسیدہ منیجر انتخاب عالم کی چھٹی بھی یقینی ہے، بورڈ شاہد آفریدی کو بھی مزید مواقع دینے پرآمادہ نہیں جبکہ سلیکشن کمیٹی کی چھٹی کا فیصلہ پہلے ہی کر لیا گیا ہے۔