ممتاز قادری کے چہلم میں شریک افراد کا اسلام آباد کی جانب مارچ

ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس اور رینجرز کےعلاوہ ایف سی کے جوان بھی تعینات کردئے گئے ہیں


ویب ڈیسک March 27, 2016
صادق آباد کے قریب پولیس اور شرکاء میں جھڑپیں، پولیس کا شرکاء کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ۔ فوٹو؛ مبارک

سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل کے جرم میں سزائے موت پانے والے پنجاب پولیس کے سابق اہلکار ممتاز قادری کے چہلم میں شریک افراد اسلام آباد کی جانب مارچ کررہے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ممتاز قادری کے چہلم میں شریک افراد پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری کی قیادت میں اسلام آباد کی جانب مارچ کررہے ہیں۔ صادق آباد کے قریب پولیس اور مارچ کے شرکاء میں جھڑپیں بھی ہوئی ہیں جب کہ بعض مقامات پر شرکاء کو منتشر کرنے کے لئے شیلنگ کی بھی اطلاعات ہیں۔

پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کو فیض آباد انٹر چینج پر تعینات کردیا گیا ہے جب کہ ریڈ زون کی طرف آنے والے راستے کنٹینرز لگا کر سیل کیے گئے ہیں۔ مارچ کے شرکاء کو روکنے کیلئے ایکسپریس ہائی وے پر کنٹینر لگا دیئے گئے ہیں جب کہ وفاقی درالحکومت میں بھی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور پولیس اور رینجرز کےعلاوہ ایف سی کے جوان بھی داخلی راستوں پر تعینات کر دیئے گئے ہیں، اس کے علاوہ ڈپلومیٹک اینکلیو کے گرد فرنٹیئر کانسٹیبلری کا حصار بھی بنا دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سلمان تاثیر کے قتل کے جرم میں ممتاز قادری کو گزشتہ ماہ 29 فروری کو اڈیالہ جیل میں پھانسی دی گئی تھی۔ ممتاز قادری نے سابق گورنر پنجاب کو جنوری 2011 میں اسلام آباد میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

مقبول خبریں