انٹرنیشنل کرکٹرز ڈالرز کی برسات میں بھیگنے کوتیار

آئی پی ایل کاافتتاحی ٹاکرا آج ممبئی اورپونے کے درمیان ہوگا،ایونٹ میں8 ٹیمیں شریک


Sports Desk April 09, 2016
فائنل29 مئی کو شیڈول، فاتح سائیڈکو ٹرافی کے ہمراہ 3 ملین ڈالر کی انعامی رقم ملے گی فوٹو: فائل

انٹرنیشنل کرکٹرز ڈالرز کی برسات میں بھیگنے کوتیار ہیں، آئی پی ایل کے9 ویں ایڈیشن کا افتتاحی میچ ہفتے کو دفاعی چیمپئن ممبئی انڈینز اور نئی فرنچائز پونے سپر جائنٹس کے درمیان وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔

ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کی ناکامی کے بعد شائقین کرکٹ نئے جوش اور ولولے کے ساتھ ڈومیسٹک لیگ میں دلچسپی لیں گے۔شریک8 ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 60 میچز 10 مختلف وینیوز پر کھیلے جائیں گے، فائنل بھی 29 مئی کو ممبئی میں ہی شیڈول ہے۔

پابندی سے دوچار چنئی سپرکنگز کے لیے خدمات انجام دینے والے دھونی اس بار پونے کی جرسی زیب تن کریں گے، کیون پیٹرسن پانچویں بار ایونٹ کا حصہ بننے جا رہے ہیں، کیوی کپتان کین ولیمسن سن رائزرز حیدرآباد کی نمائندگی کریں گے۔ ویرات کوہلی رائل چیلنجرز بنگلور کی باگ ڈور سنبھالیں گے، کرس گیل اور ابراہم ڈی ویلیئرز بھی ان کی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ ایونٹ میں پہلی بار جگمگاتی اسٹمپس استعمال کی جائیں گی جو گیند ہٹ ہونے پر روشن ہوجاتی ہیں،یہ وکٹیں اس سے قبل آسٹریلین بگ بیش میں استعمال کی جا چکی ہیں۔

2016 ایونٹ کی مجموعی انعامی رقم 7 ملین ڈالر کے لگ بھگ ہوگی، فاتح ٹیم ٹرافی کے ساتھ3ملین ڈالرکی خطیر رقم بھی اپنے نام کرپائے گی، رنر اپ سائیڈ1.5ملین کی حقدار بنے گی، تیسری اور چوتھی پوزیشنز کی حامل ٹیموں کو یکساں طور پر9،9لاکھ ڈالر کا کیش ایوارڈ پیش کیا جائیگا۔ دریں اثنا آئی پی ایل کے چیئرمین راجیوشکلا کا اصرار ہے کہ تنازعات کے باوجود ہمارے ایونٹ کی دلکشی کم نہیں ہوئی، نئی ٹیموں کی بڈنگ عمل میں لوگوں کی دلچسپی نے ہمارے حوصلوں کو بڑھایا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اب بھی عوام میں آئی پی ایل مقبول ہے اور اس کی ساکھ ختم نہیں ہوئی۔