چین ژی ینگ پنگ کمیونسٹ پارٹی کے نئے صدر منتخب

ژی ینگ پنگ فوج کے بھی نئے سربراہ ہوں گے اورملٹری کمیشن کے چیئرمین بھی ہوں گے۔


ویب ڈیسک November 15, 2012
ژی ینگ پنگ اگلے 10 سال کے لئے کمیونسٹ پارٹی کےصدر منتخب ہو ئے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

چین میں ژی ینگ پنگ کمیونسٹ پارٹی کے نئے صدر منتخب ہو گئے۔

چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بیجنگ میں منعقد ہونے والے اجلاس میں نائب صدر ژی ینگ پنگ کو ملک کے نئے صدر کے طور پر منتخب کر لیا گیا ہے۔، پارٹی کے اجلاس کا آغاز 8 نومبر سے ہوا تھا جس میں 2200 سے زیادہ سیاسی شخصیات اور فوجی حکام نے شرکت کی۔


ژی ینگ پنگ چین کے نئے صدر ہونے کے ساتھ فوج کے بھی نئے سربراہ اورملٹری کمیشن کےچیئرمین ہوں گے، آئندہ برس مارچ میں وہ چین کے نئے صدر کا عہدہ سنبھال لیں گے، ژی ینگ پنگ صدر ہو جنتاؤ کی جگہ لیں گے جن کے دور میں چین نے غیر معمولی ترقی کی۔ ژی ینگ پنگ نے اس موقع پر کمیونسٹ پارٹی کے ارکان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پرسکون زندگی چینی عوام کا حق ہے اور چین ایسی سرزمین ہے جہاں تمام گروہ امن کے ساتھ رہتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ہم مضبوطی سے اقوام عالم میں قائم رہیں گے اور انسانیت کے لیے جدید اور عظیم خدمات پیش کریں گے۔


دوسری طرف 57 سال کی لی کی کیانگ مارچ میں چین کے نئے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالیں گے وہ یہ عہدہ وین جیاباؤ سے لیں گے۔


چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق نئے صدر کے ساتھ ساتھ کمیونسٹ پارٹی کی سٹینڈنگ کمیٹی کے ممبران کی تعداد 9 سے کم کرکے 7 کر دی گئی ہے، واضح رہے کہ چین کی قیادت ہر 10 سال بعد تبدیل ہوتی ہے۔

مقبول خبریں