سندھ ایڈزکنٹرول پروگرام کا موبائل ریسورس یونٹ قائم

موبائل ریسورس یونٹ ایمبولینس کی طرز پر صوبے بھرمیں استعمال کیا جاسکے گا۔


Staff Reporter November 16, 2012
صوبے میں رواں سال ایچ آئی وی اور ایڈزکے مریضوں میں 255 افراد کا اضافے کے بعد مجموعی تعداد 5180 ہوگئی. فوٹو: فائل

سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام نے صوبے میں پہلی بار اپنی نوعیت کا پہلا موبائل ریسورس یونٹ قائم کیا ہے جس میں ایچ آئی وی کی ٹیسٹنگ سہولتیں بھی میسر ہوں گی جبکہ عوام میں اس مرض کی آگاہی اور شعور کو اجاگر کرنے کے لیے فلم بھی دکھائی جائیگی.

اس یونٹ کاافتتاح آئندہ ہفتے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد کریں گے، موبائل یونٹ میں ایچ آئی وی ایڈزکے مرض کی فوری تشخیص بھی کی جاسکے گی، سندھ ایڈزکنٹرول پروگرام کے صوبائی منیجر ڈاکٹر ارشد محمود نے جمعرات کو صحافیوں کو بتایا کہ صوبے میں رواں سال ایچ آئی وی اور ایڈزکے مریضوں میں 255 افراد کا اضافے کے بعد مجموعی تعداد 5180 ہوگئی ہے،سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام نے اپنی نوعیت کا پہلا موبائل ریسورس یونٹ قائم کیا ہے۔

جو ایمبولینس کی طرز پر تشکیل دیاگیا ہے جسے کراچی سمیت صوبے بھرکے ہر ضلع،شہر ،گائوں اور کسی بھی تقریب کے دوران استعمال کیا جاسکے گا، موبائل یونٹ میں متعین تربیت یافتہ عملہ بر وقت ایچ آئی وی ٹیسٹ اور تمام طبی سہولیات بھی فراہم کرسکے گا،سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر قمر اقبال نے کہاکہ موبائل یونٹ سے ایچ آئی وی میں مبتلا مریضوں کو فائدہ پہنچے گا،کراچی سمیت صوبے بھر میں ایچ آئی وی اور ایڈز کے 255مریضوں کی تصدیق کی بڑی وجہ عوام میں شعور و آگہی کا آنا ہے ۔