سپریم کورٹ نے حکومت کی حج کوٹہ پالیسی مسترد کردی

ویب ڈیسک  منگل 3 مئ 2016
کارکردگی اچھی تھی تو پالیسی میں تبدیلی کیوں کی گئی، چیف جسٹس کے ریمارکس، فوٹو؛ فائل

کارکردگی اچھی تھی تو پالیسی میں تبدیلی کیوں کی گئی، چیف جسٹس کے ریمارکس، فوٹو؛ فائل

 اسلام آباد: سپریم کورٹ نے حج کوٹہ کی حکومتی پالیسی مسترد کرتے ہوئے اپنے فیصلے میں سرکاری اور پرائیوٹ کوٹہ کو مساوی رکھا ہے۔ 

ایکسپریس نیوزکے مطابق چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے حکومت کی جانب سے اعلان کردہ حج کوٹہ پالیسی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔ اس موقع پر حکومتی وکیل نے موقف اختیار کیا کہ حکومت نے گزشتہ 2 سالوں میں حج پر بہترین کارکردگی دکھائی جس پر چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اداروں کی ساکھ اتنی خراب ہوچکی کہ اچھے کام پر بھی انگلیاں اٹھتی ہیں، کارکردگی اچھی تھی تو پالیسی میں تبدیلی کیوں کی گئی۔

درخواست کی سماعت کے دوران وکیل ٹور آپریٹرعابد زبیری نے موقف اختیار کیا کہ حکومت نے ٹورآپریٹر ز کے کوٹے میں کمی کرکے عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی کی جب کہ حج پالیسی 2016ء تیار کرتے وقت اعلیٰ سطح کمیٹی سے بھی حقائق چھپائے گئے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد حکومت کی نئی حج کوٹہ پالیسی مسترد کرتے ہوئے سرکاری و پرائیوٹ کوٹہ مساوی رکھنے کا حکم دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔