کراچی کا امن سیاسی جماعتیں خودخراب کررہی ہیںمشاہداللہ

موٹرسائیکل پر پابندی سے اگرامن رہاتواسے حکومت کی کامیابی کہتی ہوں،نفیسہ شاہ.


Monitoring Desk November 17, 2012
موٹرسائیکل پر پابندی سے اگرامن رہاتواسے حکومت کی کامیابی کہتی ہوں،نفیسہ شاہ. فوٹو : فائل

KARACHI: پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہاہے کہ کراچی میں امن کے لیے کوشش ہی نہیں کی گئی ۔

امن وامان خراب کرنے میں سیاسی جماعتیں خود شامل ہیں،اب موٹرسائیکل پر پابندی لگادی گئی موبائل بند کرادیے گئے یہ بچگانہ اقدامات حکومتوں کو زیب نہیں دیتے ۔پروگرام ''تکرار'' میں اینکرپرسن عمران خان سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ عوام نے صدرکو پاکستان کا صدر بنایا اور وہ صرف پیپلزپارٹی کے صدر بن بیٹھے ہیں، اگر صدر زرداری سیاست کے کوئی بوعلی سینا ہوتے تو بینظیر بھٹو اپنی زندگی میں ان کو اپنے ساتھ ہی رکھتیں ۔حکومت چاہتی ہے کہ صرف اقتدار رہے عوام کے ساتھ چاہے جومرضی ہوتا رہے ۔حکومت کے اتحادی لااینڈآرڈر خراب کرنے بھتہ خوری زمینوں کے قبضوں میں خود ملوث ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہاکہ موٹرسائیکل پر پابندی کی وجہ سے اگر کراچی میں امن رہا ہے تو پھر میں اس کو حکومت کی کامیابی کہتی ہوں عوام کو پریشانی ہوئی ہے میں مانتی ہوں ،لیکن یہ ضرور ہے کہ جب اس طرح کے حالات ہوں تو کچھ نہ کچھ قربانی دینی پڑتی ہے ۔

اگر حکومت یہ سٹیپ نہ اٹھاتی تو سب نے کہنا تھا کہ حکومت کو پتہ تھا کہ دہشتگردی ہوسکتی ہے لیکن حکومت نے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی ، میں حیران ہوں کہ میڈیا نے آج یہ بات ڈسکس نہیں کی کہ کراچی میں پچھلے کئی دنوں کے بعد امن رہا ہے،سب موٹرسائیکل پرپابندی کی بات کررہے ہیں۔آصف زرداری پاکستان کے واحد صدر ہیں جنھوں نے آئین نہیں توڑا اور اپنے اختیارات بھی پارلیمنٹ کو دے دیے۔تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس نے کہاکہ جب حکومت دیہاڑیوں پر چلے گی جب لانگ ویژن نہیں ہوگا تو اس طرح کے اقدامات ہی اٹھائے جائیں گے ۔کراچی کی پولیس میں چاروں سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے کوٹے رکھے ہوئے ہیں، اگر ایک پارٹی کے10 بندے مرتے ہیں تو دوسری پارٹی کہتی ہے کہ ان کے بیس ماردویہ حکومت اپنی لیڈر بینظیر بھٹو کے قاتل نہیں پکڑ سکی عوام کو کیا تحفظ دے گی۔