نوابشاہ میں کینسر کے علاج کے جدید ترین اسپتال کا افتتاح

بہت جلد سوات، ڈیرہ اسماعیل خان اور دیگر شہروں میں بھی کینسر اسپتالوں کا افتتاح کیا جائیگا، عذرافضل


Nama Nigar November 18, 2012
نوابشاہ کینسر اسپتال میں سندھ کے دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے مریضوں کو بھی بہترین سہولت مہیا ہوگی۔، عذرافضل۔ فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی و چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی ڈیفنس ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ حکومت کینسر کے خاتمے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

نواب شاہ کے بعد بہت جلد سوات، ڈیرہ اسماعیل خان اور دیگر شہروں میں بھی کینسر اسپتالوں کا افتتاح کیا جائیگا۔ ہفتے کے روز نواب شاہ میں کینسر کے علاج کے جدید ترین اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت ضلع شہید بے نظیر آباد کے عوام کو تعلیم اور صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلیے کوشاں ہے۔ نوابشاہ کینسر اسپتال میں نہ صرف ضلع شہید بے نظیر آباد بلکہ سندھ کے دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے مریضوں کو بھی بہترین علاج معالجے کی سہولت مہیا ہوگی۔

عذرا فضل نے کہا کہ پاکستان میں 3اٹامک پاور پلانٹس کام کررہے ہیں۔ مزید پاور پلانٹ حکومت لگا رہی ہے جس سے توانائی کے بحران میں کمی واقع ہوگی، پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر انصار پرویز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں اٹامک انرجی کمیشن کے 15 کینسر اسپتال کام کررہے ہیں اور گزشتہ سال 6لاکھ مریضوں کا علاج کیا گیا۔ تقریب سے نواب شاہ کینسر اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سراج عباسی نے بھی خطاب کیا۔

مقبول خبریں