پاک بنگلہ دیش سیریز آئی سی سی نے دامن چھڑا لیا

بنگلہ بورڈ پہلے خود دورے پر راضی ہو ہمارا کام بعد کا ہے، آئی سی سی


Sports Desk November 18, 2012
دونوں ممالک ٹور پر متفق ہوکر سیکیورٹی پلان ارسال کریں گے تب ہی آئی سی سی میچ آفیشلز بھیجنے کیلئے صورتحال کا جائزہ لے گی۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی نے بنگلہ دیش کے مجوزہ دورئہ پاکستان سے دامن چھڑا لیا، صدر ایلن آئزک نے واضح کیاکہ بنگلہ بورڈ پہلے خود پڑوسی ملک کے دورے پر راضی ہو، ہمارا کام بعد کا ہے۔

انھوں نے کہا کہ جب دونوں ممالک ٹور پر متفق ہوکر سیکیورٹی پلان ارسال کریں گے تب ہی ہم اپنے میچ آفیشلز بھیجنے کیلیے صورتحال کا جائزہ لیں گے، ان خیالات کا اظہار آئزک نے ڈھاکا میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ وہ دو روزہ دورے پر یہاں آئے ہوئے ہیں، گذشتہ روز انھوں نے بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے آخری روز کا کھیل دیکھا اور کافی متاثر بھی ہوئے، آئزک نے کہاکہ اگر کسی میچ کو ٹیسٹ کرکٹ کی مثال کے طور پر پیش کرنے کی ضرورت ہوتو وہ یہی مقابلہ ہوسکتا ہے، میں بنگلہ دیش میں گرمجوش میزبانی سے کافی متاثر ہوا ہوں، مجھے اس دورے سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے نئے صدر نظم الحسن اور آئی سی سی کے نئے نائب صدر مصطفیٰ کمال سے ملنے کا بھی موقع ملا، میں نے نیشنل اکیڈمی کا بھی دورہ کیا جو جدید ترین سہولیات سے مزین ہے۔

اس موقع پر میڈیا کی جانب سے ان سے بنگلہ دیش کے دورئہ پاکستان پر آئی سی سی کی پوزیشن کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ یہ معاملہ دونوں ممالک پر منحصر ہے، ہر کوئی یہ جاننا چاہتا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کب ہوگی،کیا وہاں کی سیکیورٹی صورتحال اجازت دیتی ہے تو میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ آئی سی سی کا کردار صرف اتنا ہوگاکہ وہ اپنے میچ آفیشلز تعینات کرسکتی ہے یا نہیں، ہمارا طریقہ کار بھی بالکل واضح ہے، پہلے بنگلہ دیش اور پاکستان اس بات کی تصدیق کریں کہ یہ ٹور ہونے جارہا ہے پھر ہمیں اس حوالے سے جامع سیکیورٹی پلان بھیجا جائے جس کے بعد آئی سی سی یہ جائزہ لے گی کہ ہمارے میچ آفیشلز کا وہاں جانا مناسب ہے یا نہیں۔

یاد رہے کہ2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد سے پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی نہیں کی، رواں برس بنگلہ دیشی ٹیم کو ٹور پر جانا تھا مگر عدالت نے اس کیخلاف اسٹے آرڈر جاری کر دیا، گذشتہ دنوں کراچی میں انٹرنیشنل ورلڈالیون کے دو کامیاب میچز سے پی سی بی کے حوصلے خاصے بڑھ گئے اور وہ ایک بار پھر غیرملکی ٹیموں کی میزبانی کیلیے کوشش کر رہا ہے، بنگلہ دیشی بورڈ کے نئے صدر نظم الحسن نے بھی مختصر سیریز کے اشارے دیے تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ میچز کب کھیلے جائیں گے۔ علاوہ ازیں ایلن آئزک نے دورئہ بنگلہ دیش میں وزیراعظم شیخ حسینہ سے بھی ملاقات کی،انھیں ڈھاکا سے بھارت روانہ ہونا ہے جہاں منگل کو آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کی تقریب رونمائی منعقد ہو گی۔