ٹینو بیسٹ نے بنگلہ دیشی امیدوں کا چمن اجاڑ دیا

فتح کے لئے درکار 245 رنز کے جواب میں بنگلہ دیش سائیڈ 167 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔


AFP November 18, 2012
میر پور ٹیسٹ:ٹینو بیسٹ نے کیریئر بیسٹ 24 رنز کے عوض 5 وکٹیں لیں۔ فوٹو : اے ایف پی

ٹینو بیسٹ نے بنگلہ دیشی امیدوں کا چمن اجاڑدیا، بھرپور فائٹ کے بعد آخر میں بنگال ٹائیگرز ہانپنے لگے۔

فتح کیلیے درکار 245 رنز کے جواب میں میزبان سائیڈ 167 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹیسٹ میں 77 رنز سے میدان مارکر دومیچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی، محمود اللہ 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ٹینو بیسٹ نے کیریئر بیسٹ 24 رنز کے عوض 5 وکٹیں لیں،دونوں اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے کیرون پاول کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کو کافی عرصے بعد اپنی سرزمین پر دوسرا اور مجموعی طور پر چوتھا ٹیسٹ میچ جیتنے کا نادر موقع میسر آیا، مگر ویسٹ انڈین بولر ٹینو بیسٹ نے اس کی امیدوں ملیا میٹ کردیں، شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں میزبان ٹیم کو فتح کیلیے 245 رنز کا ہدف ملا مگر پہلی اننگز میں 556 رنز بنانے والی سائیڈ167 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، بنگال ٹائیگرز کا آغاز ہی مایوس کن ہوا جب تمیم اقبال صرف 5 رنز پر روی رامپال کی گیند پر کاٹ بی ہائینڈ ہوگئے۔

دوسرے اوپنر جنید صدیقی نے 20 بناکر اسی انداز میں وکٹ بیسٹ کو عطیہ کردی،ٹیم کو بڑا دھچکا اس وقت پہنچا جب شہریار نفیس نے 23 رنز پر پل کرنے کی کوشش میں گیند بیسٹ کے ہاتھوں میں پہنچا دی،اگلے اوور میں پیسر نے شکیب الحسن ( 2) کو وکٹ کیپر دنیش رامدین کا کیچ بنایا، کپتان مشفیق الرحیم شروع میں کافی بہتر دکھائی دیے اور سنبھل کر کھیلتے ہوئے 16 رنز بنائے، مگر بیسٹ نے دوسرے اسپیل میں انھیں رخصت کردیا، پہلی باری میں سنچری جڑنے والے نعیم الاسلام کو 26 رنز پر ویراسیمی پرمیول نے ایل بی ڈبلیو کیا، انھوں نے اپنے اس ڈیبیو میچ میں ناصر حسین (21) اور سوہاگ غازی (19) کی بھی وکٹیں لیں، شہادت حسین (4) کو رامپال نے پاول کی مدد سے قابو کیا جبکہ بیسٹ نے آخری کھلاڑی محمود اللہ (29) کو بولڈ کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلادی۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز کا اختتام 273 رنز پر ہوا، سنیل نارائن نے 22 رنز بنائے، کیریئر کا پہلا کھیلنے والے سوہاگ غازی نے 6 وکٹیں لیں، اس سے قبل پہلی اننگز میں بھی انھوں نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا، یہ کسی بھی بنگلہ دیشی بولر کی ڈیبیو میچ پر بہترین پرفارمنس ہے۔