فاروق اعظمؓ کا طرزِ حکمرانی جدید ریاستوں کیلیے مشعل راہ ہے

آپؓ نے مثالی اسلامی فلاحی مملکت قائم کرکے عدل و انصا ف پر مبنی معاشرہ تشکیل دیا.


Staff Reporter November 18, 2012
اشرف قریشی، عامر نجیب، مفتی حسان رضا ،اکرم سعیدی اور دیگر کا محافل سے خطاب

جماعۃ السنہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ سید اشرف قریشی ،سید عامر نجیب اور دیگر نے کہا ہے کہ فاروق اعظمؓ کا طرزِ حکمرانی جدید ریاستوںکیلئے بھی مشعل راہ ہے۔

انھوں نے غیر ترقی یافتہ دور میں 21لاکھ مربع میل وسیع رقبے پر منظم و مستحکم ریاستی نظام قائم کیا، ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز ادارہ فروغ قرآن و سنت میں شہادت عمر ؓسیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اشرف قریشی نے کہا کہ عہدہ پرست اور غاصب حکمران ذاتی زندگی میں سادہ اور رحمدل نہیں بلکہ عیاش،کرپٹ اور سخت گیر ہوتے ہیں، دنیا عمر فاروق ؓ کا اسلوب حکمرانی اختیار کرکے اپنی اپنی ریاستوں کو مثالی ریاستیں بناسکتی ہیں بدقسمتی سے خود مسلمان ریاستیں فاروق اعظم ؓ سے فیض حاصل کرکے اپنے عوام کی خیر خواہی نہیں کر پائیں۔

انھوں نے کہا کہ عمر فاروقؓ ایمان ،تقویٰ، محبت رسول ؐ میں اپنی مثال آپ تھے علاوہ ازیں جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے زیر اہتمام نشست سے خطاب کر تے ہو ئے مفتی حسان رضا قادری نے کہا کہ خلیفہ دوم امیر المومنین حضرت سیدنا عمر فا روقؓ کی شخصیت مجسم تقوی تھی اور آپؓ کی زندگی اللہ اور اسکے رسول ﷺ کی اطاعت و فرمانبرداری ،ایثار و قربانی، خد مت انسانیت اوراسلام کی ترویج و اشاعت میں گزری، انھوں نے کہا کہ ہمارے حکمران سیر ت مصطفی ﷺ اور خلفاء راشدین کے طرز حکومت سے نا واقف ہیں، مفتی حسان قادری نے مزید کہا کہ فاروق اعظمؓ نے مثالی اسلامی فلاحی مملکت قائم کرکے عدل و انصا ف پر مبنی معاشرہ تشکیل دیا۔

نشت میں مولانا اکرم سعیدی ، مولانا ابرار احمد رحمانی ،مولانا خلیل الرحمان چشتی ،ڈاکٹر عبد الرحیم ،عبد الحفیظ معارفی ،نا صر خان ترابی ،الطاف قادری ،عرفان حسین قادری ،مفتی اقبال سعیدی ،میرغالب شاہ ،لائق سعیدی ،مصطفی سرور اعظمی ،غفران احمد ،شفیع رانا قادری ،اسد جواد شروانی ،صادق قریشی ،راشد علی قادری ،عبا س رضا الباروی ، اظہر خان قادری ،جمیل امینی ،شوکت چشتی ،عاشق سعیدی ،عبا س علی قادری ،ذاکر صدیقی،نوید عبا سی ،نبیل قادری و دیگر نے بھی شرکت کی، مجلس صوت الاسلام پاکستان کے چیئرمین مفتی ابوہریرہ محی الدین نے عشرہ فاروق و حسین کے سلسلے میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدنا فاروق اعظمؓ نے اپنے دور خلافت میں جو عظیم الشان نظام حکومت قائم کیا وہ درحقیقت اسلامی فلاحی معاشرہ کی بہترین تشریح تھا اور آج تک دنیا اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔