سندھ میں 3 ارب روپے کا رمضان پیکیج منظور

رمضان پیکیج کی منظوری اچھااقدام ہےلیکن مزید جہات میں پیش قدمی ضروری ہےنیزدیگرصوبوں کوبھی رمضان پیکیج پیش کرنےچاہئیں


Editorial May 15, 2016
۔ دیگر صوبوں کی جانب سے بھی اب تک رمضان پیکیج کا اعلان نہیں کیا گیا۔ راست ہو گا کہ رمضان کی آمد سے قبل ہی اس معاملے پر لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔ فوٹو: فائل

سندھ کابینہ نے 3 ارب روپے کے رمضان پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔ یہ رقم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت فی خاندان 15 سو روپے کے حساب سے غریب خاندانوں میں تقسیم کی جائے گی۔ یہ فیصلہ جمعہ کو نیو سندھ سیکریٹریٹ میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ واضح رہے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 20 لاکھ خاندان رجسٹرڈ ہیں۔

رمضان پیکیج کی منظوری اچھا اقدام ہے لیکن مزید جہات میں پیش قدمی ضروری ہے، نیز دیگر صوبوں کو بھی رمضان پیکیج جلد پیش کرنے چاہئیں۔ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کی صورتحال اور رمضان میں گرانفروشی کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاق اور صوبائی حکومتوں کو عوام کی سہولیات کی فراہمی کے لیے نہ صرف اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی بلکہ موثر لائحہ عمل مرتب کرنے کی ضرورت ہے جس کے تحت عوام رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں سستے پیکیجز سے فائدہ اٹھا سکیں۔

دیکھنے میں آیا ہے کہ رمضان کی آمد سے قبل ہی ملک بھر میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا جاتا ہے، قیمتوں پر چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے اور پرائس کنٹرول کمیٹی کی غفلت کے باعث گرانفروشوں کا عوام کی جیب پر ڈاکا ڈالنے کا عمل جاری رہتا ہے۔ رمضان پیکیج بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ صرف20 لاکھ خاندانوں کے لیے مختص ہے اور فی خاندان 15 سو روپے نہایت قلیل رقم ہے، نیز صوبے کے عوام کے لیے بھی سستے رمضان پیکیج کا اعلان ہونا چاہیے ۔ دیگر صوبوں کی جانب سے بھی اب تک رمضان پیکیج کا اعلان نہیں کیا گیا۔ راست ہو گا کہ رمضان کی آمد سے قبل ہی اس معاملے پر لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔