ون ڈے سیریز ویسٹ انڈیزکا پرمیول کو آزمانے کا فیصلہ روئچ کی واپسی

بنگلہ دیش کیخلاف کیرن بھی قسمت آزمائیں گے، جونسن چارلس کی چھٹی۔


Sports Desk November 19, 2012
بنگلہ دیش کیخلاف کیرن بھی قسمت آزمائیں گے، جونسن چارلس کی چھٹی۔ فوٹو: اے ایف پی

ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کیخلاف 30 نومبر سے شیڈول ون ڈے سیریز کیلیے اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے لیفٹ آرم اسپنر ویرا سیمی پرمیول اور کیرن پاول کو محدود اوورز کے مقابلوں میں بھی موقع فراہم کیا جائیگا،انجری سے نجات پانے والے کیمار روئچ نے بھی فٹنس ٹیسٹ کے بعد کریبیئن ون ڈے اسکواڈ میں جگہ بنالی، ٹائیگرز کیخلاف سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے اختتام پر موجودہ اسکواڈ کے چھ پلیئرز وطن واپس لوٹ جائیں گے،ڈیرن براوو کی عدم موجودگی میں کیرن پولارڈ نائب کپتان کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، وطن واپس جانے والے ٹیسٹ اسکواڈ کے چھ کھلاڑیوں میں شیونرائن چندرپال، نرسنگھے دیونرائن، فیڈل ایڈورڈز، کرک ایڈورڈز، اسد فداالدین اور دنیش رامدین شامل ہیں۔

آل رائونڈر ڈیوائن براوو ایک مرتبہ ویسٹ انڈین اسکواڈ کا حصہ نہیں بن سکے، جس کی وجہ ان کا تھائی انجری سے نجات پانے کیلیے کوششوں میں مصروف ہونا ہے، یہ انجری انھیں اکتوبر میں چیمپئنز لیگ کے دوران پیش آئی تھی اور اسی کے پیش نظر انھیں پہلے ٹیسٹ اسکواڈ میں بھی شامل نہیں کیا جاسکا تھا، ان کے علاوہ اوپنر جونسن چارلس بھی سلیکٹرز کا اعتماد برقرار نہیں رکھ پائے، انھوں نے نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم ون ڈے سیریز میں حصہ لیا تھا، ویسٹ انڈیز نے ٹائیگرز کیخلاف 30 نومبر سے شروع ہونے والی پانچ ون ڈے میچز کی سیریز اور واحد ٹوئنٹی 20 کیلیے اعلان کردہ اسکواڈ میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنیوالے لیفٹ آرم اسپنر ویرا سیمی پرمیول کو برقرار رکھا۔

اسی طرح کیرن پاول کو میرپور ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنانے کا صلہ ون ڈے اسکواڈ میں شمولیت کی صورت مل گیا، گھٹنے کی انجری کا سامنا کرنے والے کیمار روئچ نے فٹنس ٹیسٹ پاس کرلینے پر ڈھاکا کا ٹکٹ حاصل کرلیا، کیرن پولارڈ ، برائوو کی عدم دستیابی پر نائب کپتان کی ذمہ داریاں بھی نبھائیںگے، ان کے علاوہ آل رائونڈرز آندرے رسل اور ڈیوائن اسمتھ ، وکٹ کیپر ڈیون تھامس اور اوپنر لینڈل سیمنز ایک روزہ میچز کیلیے ویسٹ انڈین اسکواڈ کو جوائن کریںگے۔ منتخب پلیئرز کے نام یہ ہیں۔ ڈیرن سیمی ( کپتان )، کیرون پولارڈ، ٹینو بیسٹ، ڈیرن براوو، کرس گیل، سنیل نارائن، ویرا سیمی پرمیول، کیرن پاول، روی رامپال، کیمار روئچ، آندرے رسل، مارل سموئلز، لینڈل سمنز، ڈیوائن اسمتھ اور ڈیون تھامس۔