احمد آباد ٹیسٹ الیسٹر کک بھارتی بولرز کے سامنے ڈٹ گئے 168 پر ناٹ آؤٹ

فالو آن کا شکار انگلش ٹیم نے 5 وکٹ پر 340 رنز بنالیے، 10 رنز کی سبقت مل گئی، میٹ پرائر سنچری کی جانب گامزن۔


Sports Desk November 19, 2012
فالو آن کا شکار انگلش ٹیم نے 5وکٹ پر 340رنز بنالیے، 10رنز کی سبقت مل گئی، میٹ پرائر سنچری کی جانب گامزن۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

انگلش کپتان الیسٹرکک نے بھارتی بولنگ اٹیک کے سامنے ڈٹ گئے۔ ناقابل شکست سنچری بناکر ٹیم پر چھایا اننگز کی شکست کا خطرہ ٹال دیا، انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 340 رنز بناکر 10 رنز کی برتری حاصل کرلی، چوتھے دن کے اختتام پر مہمان کپتان کک 168 اور میٹ پرائر 84 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

نک کامپٹن 37 رنز بنا سکے، امیش یادیو اور پراگیان اوجھا نے 2،2 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 340 رنز بناکر 10 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے، اس سے قبل انگلش ٹیم پہلی باری میں صرف 191 رنز پر آئوٹ ہوکر فالو آن کا شکار ہوگئی تھی جس کی وجہ سے اس کے ایک اننگز سے شکست کا خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا مگر انگلش کپتان الیسٹر کک نے اپنی ٹیم کو ٹور کے آغاز پر اس بڑی خفت سے بچالیا،وہ'لیڈ فرام فرنٹ' کے معقولے پر عمل پیرا اور ایک بار پھر اس کا بھرپور مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

وہ پہلے کپتان ہیں جنھوں نے اپنی قیادت میں کھیلے جانے والے مسلسل تیسرے ٹیسٹ میں سنچری اسکور کی ہے، وہ احمد آباد میں بھارتی اسپن اٹیک کا 8 گھنٹوں تک سامنا کرچکے ہیں۔ اگرچہ اس میچ میں اب بھی بھارت کی پوزیشن بظاہر مضبوط ہے مگر ڈرا بھی خارج از امکان نہیں اور اینڈی فلاوریہ بات اچھی طرح جانتے ہیں، 12 برس قبل زمبابوے نے ناگپور میں فالو آن کے بعد میچ ڈرا کیا تھا اس وقت فلاورنے 9 گھنٹے تک بیٹنگ کرکے کیریئر بیسٹ ڈبل سنچری اننگز اسکور کی تھی جس کے بعد ان کو اسپن بولنگ کے خلاف بہترین بیٹسمینوں میں سے ایک قرار دیا گیا تھا۔

احمد آباد کے موتیرا اسٹیڈیم میں انگلش ٹیم نے چوتھے روز کے کھیل کا آغاز 111 رنز بغیر کسی وکٹ کے کیا مگر مجموعی اسکور 123 تک پہنچتے ہی کامپٹن ظہیر خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، انھوں نے 37 رنز بنائے، جوناتھن ٹروٹ کو 17 رنز پر اوجھا نے قابو کیا کیچ وکٹ کیپر دھونی نے تھاما، کیون پیٹرسن دوسری باری میں بھی ناکام ثابت ہوئے، اوجھا کی گیند پر بولڈ ہونے سے قبل وہ فقط 2 رنز ہی بنا پائے، ای ین بیل (22) اور سمت پٹیل (0)کو امیش یادیو نے اوور کی آخری دو گیندوں پر پویلین کی راہ دکھائی تاہم اس کے بعد بھارتی بولرز کو کوئی وکٹ نہیں مل پائی، جب دن کا اختتام ہوا تو الیسٹرکک 168 اور میٹ پرائر 84 رنز پر ناٹ آئوٹ تھے، دونوں کے درمیان چھٹی وکٹ کیلیے 141رنز کی شراکت ہوچکی ہے۔