10برس میںمیرے ساتھیوں کو چن چن کر قتل کیا گیا آفاق احمد

ملک میں قانون ناپید ہے، ریاستی آپریشن کے 10سال پورے ہونے پرپیغام.


Staff Reporter November 19, 2012
ملک میں قانون ناپید ہے، ریاستی آپریشن کے 10سال پورے ہونے پرپیغام۔ فوٹو: فائل

مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے مہاجر قومی موومنٹ کے خلاف جاری ریاستی آپریشن اور سیاسی دہشت گردی کے10سال پورے ہونے پراپنے خصوصی پیغام میںکہا ہے کہ میرے ساتھیوں پر جبر وتشدد کے10سال نام نہاد جمہوری حکومت کے منہ پر کالک ملنے کیلیے کافی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ کے لیے کراچی اور اس کے گلی محلے نوگوایریاز بنے ہوئے ہیں ،پچھلے10برسوں کے دوران میرے ساتھیوں کو چن چن کر قتل کیا گیا ، ان کے اہل خانہ کو یرغمال بناکر ان کی سیاسی وفاداریاں بدلنے کی مذموم کوششیں کی گئیں تاکہ مہاجر سیاست کو نیست ونابود کردیا جائے اور آفاق کو تنہا کردیا جائے مگر دنیا مشاہدہ کرسکتی ہے کہ میرے ساتھی ثابت قدم رہے ہیں اور مہاجر قومی موومنٹ کو ختم نہیں کیا جاسکا۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں آئین اور قانون ناپید ہے ،آفاق احمد نے کہا کہ اگرآج کراچی زخموں سے نڈھال اور خاک و خون میں لتھڑا ہوا ہے تو اسکی وجہ صرف اور صرف شرمناک حکومتی مفاہمت اور اکثریتی مہاجر قوم کی واحد نمائندہ جماعت مہاجر قومی موومنٹ کو دیوار سے لگانے کا نتیجہ ہے، چیئرمین آفاق احمد نے مہاجر کارکنان وہمدردوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے ساتھیوں کی ثابت قدمی کو سلام پیش کرتا ہوں کہ جنھوں نے حکومتی اور سیاسی دہشت گردی کا دیوانہ وار مقابلہ کیااور آج بھی اپنی جگہ ڈٹے ہوئے ہیں۔