مسلم امہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت روکنے کیلئے کردار ادا کرے مقررین

فلسطین فائونڈیشن کے تحت اسرائیلی حملوں کیخلاف مظاہر ے سے محمد حسین محنتی، علامہ عقیل،مولانا امین شہیدی.


Staff Reporter November 19, 2012
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرے سے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی خطاب کررہی ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

لاہور: مختلف جماعتوں کے رہنمائوں نے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے اور عالمی برادری خصوصاً مسلم ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم رکوانے کیلیے اپنا کردار ادا کریں۔

فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے تحت کراچی پریس کلب پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اس موقع پر مظاہرے کے شرکا سے محمد حسین محنتی، علامہ عقیل انجم قادری، مولانا امین شہیدی، محفوظ یارخان، صابر کربلائی ، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی و دیگر نے خطاب میں کہا کہ مسلم امہ غزہ پر اسرائیل کے دہشت گردانہ حملوں کا نوٹس لے اوراسرائیل و امریکا کیخلاف سخت کارروائی کرے، اسرائیل کا وجود انسانیت کیلیے زہر قاتل اور دنیا کے امن کیلیے خطرہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ مسلم امہ انسانیت کے دشمنوں اسرائیل و امریکا کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹیں،جماعت اہلسنت کراچی کے امیر علامہ شاہ تراب الحق قادری نے فلسطین کے شہر غزہ پر اسرائیل کے حملوں کو کھلی جارحیت اور وحشیانہ عمل قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ فلسطینیوں کے قتل عام پر عالمی برادری خصوصاً عالم اسلام کی خاموشی افسوسناک ہے،سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت پر اقوام متحدہ کی خاموشی قابل مذمت ہے۔

اے این آئی پاکستان کے سرپرست اعلیٰ طارق محبوب نے کہا ہے کہ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت مغربی ممالک اور مسلم حکمرانوں کی غیرت ایمانی کو چیلنج ہے، جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم مفتی محمد نعیم نے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم رکوانے کیلیے اپنا اثر رسوخ استعمال کرے، مسلم حکمران بزدلی ختم کرکے متحدہ محاذ تشکیل دیں ،جے یو آئی (س) سندھ کے جنرل سیکریٹری مفتی عثمان یارخان و دیگر نے فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے مزید بڑے حملے کی دھمکی امت مسلمہ کی غیرت کا امتحان ہے۔

عالمی امامیہ کونسل کے صدر مولانا اکرام حسین ترمذی نے مسجد ایلیا میں منعقدہ احتجاجی اجتماع سے خطاب میں کہا کہ عالمی برادری فلسطینی مسلمانوں کا قتل عام رکوانے کیلیے کردار ادا کرے ،جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان فلسطینی مسلمانوں کو اسرائیلی درندگی سے بچانے کیلیے کردار ادا کریں،جماعتہ الدعوۃ کے تحت آج (پیر) غزہ پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا۔