صدرزرداری آج خیبرپختونخوااسمبلی سے خطاب کرینگے

وہ خیبرپختونخوا اسمبلی سے خطاب کرنیوالے پہلے صدرہونگے،غیرمعمولی سیکیورٹی انتظامات


Numainda Express November 19, 2012
وہ خیبرپختونخوا اسمبلی سے خطاب کرنیوالے پہلے صدرہونگے،غیرمعمولی سیکیورٹی انتظامات۔ فوٹو: فائل

صدرآصف علی زرداری (آج) پیرکو خیبر پختونخوااسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔

حکمران اتحاد نے اپنے ارکان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ۔ اے این پی کے سربراہ اسفندیارولی خان سمیت دیگر قائدین بھی اسمبلی ہال میں موجود ہوں گے ۔ اسمبلی کا اجلاس صبح 10 بجے شروع ہوگا ، صدر دوپہر 12 بجے کے بعد خطاب کریں گے ، وہ خیبر پختونخوا اسمبلی سے خطاب کرنیوالے پہلے صدر ہوںگے۔

اجلاس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، اسمبلی کے داخلی اور خارجی راستے سیل کرکے غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ہوگی، اراکین ذاتی محافظ بھی اسمبلی کی حدود میں نہیں لاسکیں گے۔ صدر اپنے خطاب میں اراکین اسمبلی کو آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے اعتماد میں لینے کے علاوہ تاجر اور صنعتکار برادری کے لیے پیکیج میں 2 سال کی توسیع کا اعلان کر سکتے ہیں ۔ بعدازاں وہ گورنر ہائوس بھی جائیں گے جہاں ان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جائے گا ۔ وہ پیپلز پارٹی کے عہدیداروں اور قبائلی رہنمائوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔