بورڈ مدثر پر مہربان کرکٹ کمیٹی کے بھی سربراہ مقرر

پی سی بی نے سابقہ کرکٹ کمیٹی تحلیل کرکے خاموشی سے 2 نئی کمیٹیز تشکیل دے دی ہیں۔


Saleem Khaliq May 22, 2016
پی سی بی نے سابقہ کرکٹ کمیٹی تحلیل کرکے خاموشی سے 2 نئی کمیٹیز تشکیل دے دی ہیں۔ فوٹو: فائل

پی سی بی نے سابقہ کرکٹ کمیٹی تحلیل کرکے خاموشی سے 2 نئی کمیٹیز تشکیل دے دی ہیں، بورڈ ان دنوں سابق ٹیسٹ کھلاڑی مدثر نذر پر مہربان دکھائی دیتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق کرکٹرز کا طویل عرصے سے یہ مطالبہ تھا کہ کرکٹ کمیٹی میں کھلاڑیوں کو ہی شامل کیا جائے، نان کرکٹر شکیل شیخ کی زیر سربراہی کمیٹی کی کوئی افادیت نہیں ہے، اس بحث میں سابق کپتان وسیم اکرم جب کود پڑے تو شکیل شیخ نے اس کا کافی برا منایا اور انھیں میچ فکسنگ میں ملوث رہنے کا طعنہ بھی دیا تھا، چیئرمین بورڈ شہریار خان نے پہلے بھی تبدیلی کا اعلان کیا مگر اسے عملی جامہ نہیں پہنا سکے تھے، چند روز قبل گورننگ بورڈ میٹنگ میں اس حوالے سے تبادلہ خیال ہوا اور اراکین متفق بھی ہو گئے۔

ذرائع نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ خاموشی سے سابقہ کرکٹ کمیٹی تحلیل کرکے 2 نئی کمیٹیز تشکیل دے دی گئی ہیں، نئی کمیٹی کے سربراہ سابق ٹیسٹ اسٹار و مجوزہ این سی اے ڈائریکٹر مدثر نذر ہیں، ان کا ساتھ سابق ٹیسٹ اسپنر اقبال قاسم اور سابق ویمن کرکٹر عروج ممتاز دیں گی،اقبال کو چیف سلیکٹر سمیت مختلف پوسٹ پر کام کرنے کا تجربہ حاصل ہے،وہ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی شکستوں پر بننے والی کمیٹی کے بھی رکن تھے،کراچی سے تعلق رکھنے والی سابق لیگ اسپنر عروج نے 6 برس قبل اپنا آخری انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا، بورڈ کے عدنان مظفر کو سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے، وہ میٹنگز کے انعقاد و دیگر امور سنبھالیں گے، یہ کمیٹی کرکٹ کے تمام معاملات دیکھے گی۔

اسی کے ساتھ ایک ڈومیسٹک کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی بھی بنائی گئی ہے، اس کے چیف شکیل شیخ ہیں، انھیں بورڈ کے سینئر جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز علی ضیا، ثاقب عرفان اور پشاور ریجن کے گل زادہ کا ساتھ حاصل ہوگا، شکیل اور گل زادہ گورننگ بورڈ کے بھی رکن ہیں، یہ کمیٹی تمام ڈومیسٹک ایونٹس کے معاملات سنبھالے گی، تبدیلیوں و دیگر حوالے سے تجاویز دینا بھی اسی کا کام ہوگا، دلچسپ بات یہ ہے دونوں کمیٹیز میں شامل بیشتر افراد کسی نہ کسی حیثیت سے بورڈ کے ساتھ منسلک ہیں، یوں اپنوں کو ہی نوازا گیا ہے، جلد ہی باضابطہ اعلان کے بعد کرکٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس طلب کیا جائے گا، اس وقت نائٹ ٹیسٹ کا اہم معاملہ بھی حل طلب ہے، گوکہ پی سی بی اس کی منظوری دے چکا مگر پنک گیند وغیرہ پر پلیئرزکے تحفظات برقرار ہیں۔

اس حوالے سے نئی کمیٹی کو غوروخوص کرنا ہوگا، اسی طرح ڈومیسٹک ایڈوائزری کمیٹی یہ فیصلہ کرے گی کہ کن میچز کو فلڈ لائٹس میں پنک گیند سے کرایا جائے تاکہ کھلاڑیوں کو دورئہ آسٹریلیا میں اس طرز کا میچ کھیلنے سے قبل زیادہ دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے، یاد رہے کہ شکیل شیخ کی زیرسربراہی سابقہ کرکٹ کمیٹی میں ایزد سید، ہارون رشید، شفیق احمد،عثمان واہلہ اور ثاقب عرفان (کوآرڈی نیٹر) شامل تھے، ٹیسٹ قائد مصباح الحق اور ون ڈے کپتان اظہر علی کوآپٹڈ ممبران رہے، مدثر کے آنے پر ایزد ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ عہدے پر برقرار نہیں رہیں گے، سابق چیف سلیکٹر ہارون رشید بھی بورڈ سے فارغ ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب مدثر نذر کو ماہانہ ساڑھے 10 لاکھ روپے تنخواہ دینے پر اتفاق ہو گیا، دیگر مراعات الگ ہوں گی، وہ جلد ہی باضابطہ طور پر ڈائریکٹر نیشنل کرکٹ کمیٹی کا عہدہ سنبھال لیںگے۔